مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں؛ او آئی سی کا واضح مؤقف

مسئلہ کشمیر حل ہوئے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں؛ او آئی سی کا واضح مؤقف
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مقبوضہ علاقے کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کی صدارت او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے سیاسی امور یوسف ایم نے کی جبکہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، نائیجر اور آذربائیجان کے نمائندے شریک ہوئے۔ کشمیری عوام کے نمائندوں کا ایک وفد بھی اجلاس میں موجود تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے بھارت کی جانب سے غیرقانونی قبضے کو مضبوط کرنے، جابرانہ قوانین اور آبادیاتی تبدیلیوں کی کوششوں کی مذمت کی۔
انہوں نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے او آئی سی پر زور دیا کہ بھارت پر دباؤ ڈال کر سیاسی قیدیوں کی رہائی اور جبر کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں او آئی سی وزرائے خارجہ نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھارتی حملوں پر گہری تشویش ظاہر کی۔
او آئی سی نے حالیہ جنگ بندی اور ثالثی کی کوششوں کا خیرمقدم کیا مگر واضح کیا کہ پہلگام حملے کے بعد کے واقعات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔
تنظیم نے بھارتی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات کو بھی علاقائی استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا۔
او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں کریک ڈاؤن، 2800 گرفتاریوں، گھروں کی مسماری اور کشمیری رہنما شبیر شاہ کی خرابی صحت کے باوجود رہائی نہ دینے پر شدید تشویش ظاہر کی۔
مزید برآں، سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کی گرفتاریوں اور سری نگر جامع مسجد و عیدگاہ میں مذہبی اجتماعات پر پابندی کی مذمت بھی کی گئی۔
رابطہ گروپ نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات اور آبادیاتی تبدیلیوں کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انتخابات کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا متبادل نہیں ہوسکتے۔
اجلاس میں او آئی سی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کے دورہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا خیرمقدم بھی کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.
خاص خبریں
Advertisement