جمعرات، 25-ستمبر،2025
جمعرات 1447/04/03هـ (25-09-2025م)

Advertisement

Advertisement

Advertisement

Advertisement

توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ تمام وسائل کو نگل رہا تھا، وزیراعظم

25 ستمبر, 2025 12:24

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ تمام وسائل کو نگل رہا تھا، اس مسئلے سے نمٹنا حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔

توانائی کے گردشی قرضے کے خاتمے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے ورچوئل خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ قرضہ مسلسل بڑھ رہا تھا اور اس کے باعث ملک کی معیشت متاثر ہو رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر توانائی کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس نے فعال کردار ادا کیا اور نجی بجلی گھروں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے، جس کے نتیجے میں یہ منصوبہ ممکن ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں لائن لاسز بھی ایک بڑا چیلنج ہیں، آئندہ مرحلے میں اس پر توجہ دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کی معاشی بہتری کو سراہا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ گردشی قرضے نے معیشت پر شدید دباؤ ڈالا ہوا تھا، تاہم متفقہ حکمت عملی سے اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق اسکیم کے تحت آئندہ چھ برسوں میں گردشی قرضہ ختم کردیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ پاور سیکٹر کے بنیادی مسائل حل ہورہے ہیں، گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے ایک سال سے کوششیں جاری تھیں اور یہ اسکیم توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔