پیر، 13-اکتوبر،2025
پیر 1447/04/21هـ (13-10-2025م)

سرکاری ملازمین کیلئے بُری خبر آگئی

26 ستمبر, 2025 10:36

پاکستان پوسٹ میں گزشتہ حکومت کے دوران 4 ہزار بھرتیوں کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستان پوسٹ میں گزشتہ حکومت کے دوران کی گئی چار ہزار بھرتیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رشوت دے کر بھرتی ہونے والے ملازمین کو فارغ کر دیا جائے گا جبکہ اس عمل میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ فیصلے وفاقی وزیر کی زیر صدارت ہونے والے رائٹ سائزنگ اجلاس کے دوران کیے گئے، جس میں مواصلات کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں موٹروے پولیس افسران کو بھی تنبیہ کی گئی۔

 عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری فنڈز کو مال غنیمت نہ سمجھا جائے اور ان کی بندر بانٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار اور وسائل کے اندر رہ کر کام کریں، کیونکہ قومی خزانہ غیر ضروری اخراجات کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کو ایک قابل عمل بزنس پلان پیش کرنے کا آخری موقع دیا جا رہا ہے، بصورت دیگر ادارے کی نجکاری پر غور کیا جائے گا۔ پوسٹل لائف انشورنس کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد مربوط کاروباری منصوبہ مرتب کرے۔

اجلاس میں موٹروے پولیس کو اپنی افرادی قوت کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی، تاکہ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔ عبدالعلیم خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جو ادارے اپنی کارکردگی بہتر نہیں کریں گے، ان کی نجکاری ناگزیر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے اگر خسارے میں چلتے رہے تو ان کا وجود برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی سیکریٹری مواصلات، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور آئی جی موٹرویز نے وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں رائٹ سائزنگ کے عمل کا مزید جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔