پیر، 13-اکتوبر،2025
پیر 1447/04/21هـ (13-10-2025م)

گھریلو صارفین کے نئے گیس کنکشنز کی فیس کتنی ہے؟ اہم خبر آگئی

26 ستمبر, 2025 10:55

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے نئے گھریلو گیس کنکشن کے خواہشمند افراد کے لیے درخواستوں کا عمل دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

 کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری اعلامیے کے مطابق اُن درخواست دہندگان کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے پابندی کے نفاذ سے قبل ہی فوری فیس یا ڈیمانڈ نوٹس ادا کر دیا تھا۔

ایس این جی پی ایل کے مطابق نئے کنکشن اب آر ایل این جی (ری-گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس) پر مبنی ہوں گے، اور خواہشمند افراد کو اس معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے۔ ساتھ ہی سیکیورٹی کے فرق کی ادائیگی بھی لازمی ہوگی، جس کے بعد ہی کنکشن جاری کیا جائے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے ماضی میں سسٹم گیس کنکشن کے لیے درخواستیں جمع کرائی تھیں، وہ اب عام یا فاسٹ ٹریک میرٹ پر آر ایل این جی کنکشن کے لیے نئی درخواست دینے کا اختیار رکھتے ہیں۔ فاسٹ ٹریک درخواست کے لیے فوری فیس 25 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

نئے آر ایل این جی کنکشن کے چارجز کی تفصیلات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ قابل واپسی سیکیورٹی فیس 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ سروس لائن کی لاگت 10 مرلہ تک کے گھروں کے لیے 1,500 روپے اور 10 مرلہ سے زائد گھروں کے لیے 3,000 روپے ہوگی۔ تاہم درخواست فارم جمع کروانے کے لیے کوئی فیس نہیں لی جا رہی۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ آر ایل این جی کنکشن کا ٹیرف روایتی گھریلو گیس نرخوں کے مقابلے میں تقریباً 70 فیصد زیادہ ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنا اور صارفین کو متبادل گیس سہولت فراہم کرنا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔