قطر میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبر آگئی

Important News for Pakistanis Seeking Employment in Qatar
پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر کا کہنا تھا کہ قطر میں پاکستانی ہنر مند افرادی قوت کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور وہ اس سلسلے کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر سے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد معین وٹو کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں وزیر معین وٹو نے حالیہ اسرائیلی حملوں پر قطر سے اظہار افسوس کیا اور حکومتِ پاکستان و عوام کی جانب سے قطری عوام کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان محبت اور احترام پر مبنی گہرے تاریخی تعلقات موجود ہیں، جنہیں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے فلسطین کو تسلیم کرنے کے یورپی ممالک کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور اسے خطے میں امن و انصاف کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد اور مسلم ممالک کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو بھی اجاگر کیا۔
قطری سفیر نے پاکستان کے قدرتی وسائل اور افرادی قوت کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر، پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور انسانی وسائل کے شعبے میں تعلقات کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔
اس موقع پر معین وٹو نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے حالیہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران اپنی قوت، یکجہتی اور عزم کا مظاہرہ کیا، جو ملک کے دفاعی وقار کی عکاسی کرتا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.