پیر، 13-اکتوبر،2025
پیر 1447/04/21هـ (13-10-2025م)

کرک؛ سکیورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، 17 خوارج ہلاک، 10 زخمی

27 ستمبر, 2025 15:58

کرک: خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے آپریشن میں 17 خوراج کو ہلاک کردیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران 7 سے 10 دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع کرک میں تھانہ شاہ سلیم کے علاقے درشہ خیل میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع لکی مروت اور کرک کی باؤنڈری پر موجود علاقے میں ملا نذیر گروپ کے علاقے میں موجودگی کے اطلاع پر کیا گیا، 22 خوارج پر مشتمل گروہ کو درشہ خیل میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت گھیرے میں لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ فتنہ الخوارج کے گرد انتہائی مہارت سے گھیرا تنگ کر کے نشانہ بنایا گیا، آپریشن کے دوران 17 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ 7 سے 10 خوارج کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے کا امن کسی کو خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقے سے واپسی پر علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کا زبردست خیرمقدم کیا اور آپریشن کرکے واپس آنے والے اہلکاروں کے ساتھ جشن منایا۔

واضح رہے کہ 21 ستمبر کو ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے، ہلاک دہشت گردوں میں 2 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔

قبل ازیں 11 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے 3 اضلاع شمالی وزیرستان، مہمند اور بنوں میں 9 اور 10 ستمبر کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز کے دوران بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کرنے والے 19 خوارج کو ہلاک کیا تھا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔