پیر، 13-اکتوبر،2025
پیر 1447/04/21هـ (13-10-2025م)

آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلے کا حل ہے، نائب وزیراعظم

27 ستمبر, 2025 08:20

جدہ: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلے کا حل ہے۔

اسحاق ڈار نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں جاری ظلم و بربریت ناقابلِ یقین ہے، یہ جنگ نہیں بلکہ نسل کُشی ہے، او آئی سی کو فوری اور مستقل جنگ بندی کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے، آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلہ فلسطین کا واحد حل ہے۔

 انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام حقِ خودارادیت سے محروم ہیں اور بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات ناقابلِ قبول ہیں، او آئی سی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے، لیکن بھارت کو کالے قوانین ختم کرنے اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کی 6 اور 7 مئی کی جارحیت میں 54 بے گناہ شہید ہوئے، تاہم پاکستان نے اس جارحیت کا مؤثر اور ذمہ دارانہ جواب دیا۔

اسلاموفوبیا پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ آج کا سب سے خطرناک نسلی امتیاز ہے اور بھارت اس کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے، اقوام متحدہ نے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے خصوصی ایلچی مقرر کیا ہے۔

دہشتگردی کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا ہے، جس میں 80 ہزار جانوں کی قربانی اور 150 ارب ڈالر کا نقصان شامل ہے۔

افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امن، استحکام اور شمولیت سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کو ایک منصفانہ عالمی نظام کی تشکیل میں کردار ادا کرنا ہوگا اور اقوام متحدہ میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ او آئی سی کی مناسب نمائندگی بھی ضروری ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ہماری تقریریں نہیں بلکہ ہمارے فیصلے آنے والی نسلوں کی تقدیر بدلیں گے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔