پیر، 13-اکتوبر،2025
پیر 1447/04/21هـ (13-10-2025م)

امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، وزیراعظم

27 ستمبر, 2025 08:40

نیو جرسی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیدیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں معیشت، انسداد دہشت گردی، معدنیات، اے آئی، آئی ٹی اور کرپٹو کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکا تجارت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔

شہباز شریف نے امریکی صدر کا ٹیرف کے معاملے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیات کی قیمت کا مناسب تعین ہوگا جبکہ تجارتی معاہدے باہمی مفادات کے تحت کیے جائیں گے۔

وزیراعظم نے بھارتی جارحیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 6 سے 10 مئی تک چار روز میں پاکستانی افواج نے بہادری سے ہندوستان کو جنگ میں شکست دی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دانشمندی سے افواج پاکستان کی قیادت کی، جنگ کے دوران دشمن کے 7 طیارے گرائے گئے اور ہر محاذ پر حملے کیے گئے جس کے بعد بھارت نے جنگ بندی قبول کرلی۔

انہوں نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، گزشتہ 40 سال میں ایسا استقبال نہیں دیکھا۔

ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اقتدار سنبھالتے وقت ملک شدید مشکلات کا شکار تھا اور مہنگائی 32 فیصد تک پہنچ چکی تھی، لیکن ڈیڑھ سال میں مہنگائی کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے، پالیسی ریٹ جو ساڑھے 22 فیصد تھا، آج کم ہو کر 11 فیصد پر آ گیا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سمندر پار پاکستانی عظیم سفیر ہیں، جنہوں نے سال 2024-25 میں ساڑھے 38 ارب ڈالر ملک بھجوائے، ملک کی معاشی صورتحال اب مائیکرو لیول پر مستحکم ہو چکی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس سے ملاقات

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، ملاقات میں وزیراعظم نے سیکریٹری جنرل کی قیادت اور عالمی امن کیلئے کوششوں کو سراہا۔

شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اضافی عالمی فنانس کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو اس مسئلے پر عالمی برادری کی بھرپور حمایت درکار ہے، کشمیر کے تنازع کے حوالے سے وزیراعظم نے منصفانہ اور پرامن حل کی اہمیت اجاگر کی۔

ملاقات میں سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں اور بیرونی دہشت گردی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے سیکریٹری جنرل کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے غزہ کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سیاسی عمل کی بحالی کی حمایت کی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ ملاقات کے دوران سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے اہم کردار کو بھی سراہا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔