پاکستان کا اقوام متحدہ میں بھارت کو بھرپور جواب، بھارتی مندوب ہال چھوڑ کر چلاگیا

Pakistan gives a strong response to India at the UN, Indian delegate leaves the hall
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کے مدلل بیان پر بھارت مندوب بوکھلا گیا ویڈیو میں اسے پریشانی کی حالت میں فون سنتے دیکھا گیا اور پھر بوکھلاہٹ کے عالم میں وہ ہال چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔
جنرل اسمبلی کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کے الزامات کے جواب میں سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے منہ توڑ جواب دیا۔
سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے کہا کہ بھارت خطے کا غاصب اور غنڈا ہے، پورے خطے کو اپنی بالادستی کے عزائم اور انتہا پسندانہ نظریات کی بنیاد پر یرغمال بنائے ہوئے ہے، جو بدقسمتی سے نفرت، تقسیم اور تعصب کو ہوا دیتے ہیں۔
سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے کہا کہ آج ہم نے ایک رکن ملک کی طرف سے وہی پرانی تقاریر سنیں جو قابلِ اندازہ تھیں، پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک اور کوشش، جھوٹے بیانیے اور گمراہ کن دعوؤں پر مبنی مگر ہمیشہ کی طرح حقائق سے بالکل خالی تھی۔
محمد راشد نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی 90 ہزار قربانیاں دنیا تسلیم کرتی ہے، ہمارا پڑوسی ملک خود دہشت گردی کا سب سے بڑا مرتکب ہے، یہی ملک ایک خفیہ اور سرحد پار دہشت گردانہ نیٹ ورک چلاتا ہے اور اپنے پراکسی عناصر کے ذریعے پاکستان کے اندر اور باہر کارروائیاں کرتا ہے۔
سیکنڈ سیکرٹری نےکہا کہ اس کا ایک زندہ ثبوت بھارت کے حاضر سروس بحریہ کے افسر اور خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کمانڈر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہے۔
محمد راشد نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی ایک آزاد اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، جسے فوراً رد کر دیا گیا۔ حیرت کی بات نہیں کہ آج تک اس واقعے سے متعلق کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔
محمد راشد نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، حقیقی ترقی کے لیے خلوص، باہمی احترام، مکالمہ اور سفارت کاری ضروری ہیں۔ وہ اصول جنھیں پاکستان ہمیشہ مقدم رکھتا آیا ہے اور بھارت کو بھی بالآخر یہی راستہ اختیار کرنا ہوگا، اگر وہ واقعی امن کا خواہاں ہے۔
اس سے پہلے پاکستانی مندوب کے بیان پر بھارت نےجواب دیا تھا جس پر جواب الجواب میں سیکنڈ سیکرٹری محمد راشد نے کہا کہ ہم نے دوبارہ اس فورم پر بات کرنے کا ارادہ نہیں کیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک ہے کہ بھارت اتنا پست ہو جائے کہ اقوام متحدہ کے ایک رکن ملک کے نام کو بگاڑنے کی کوشش کرے۔
اس برجستہ جواب پر بھارتی مندوب کو پریشانی کی حالت میں فون سنتے دیکھا گیا اور پھر بوکھلاہٹ کے عالم میں وہ اچانک ہال چھوڑنے پرمجبور ہوگئے۔
تاہم اپنا جواب جاری رکھتے ہوئے محمد راشد نے کہا کہ ایک خودمختار ریاست کے نام کا مذاق اڑانا صرف غیر شائستگی ہی نہیں بلکہ ایک پورے عوام کو بدنام اور ان کی توہین کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔
اس قسم کی بیان بازی میں ملوث ہو کر بھارت اپنی ساکھ کو خود نقصان پہنچاتا ہے اور دنیا کو دکھا دیتا ہے کہ اس کے پاس کوئی ٹھوس دلیل نہیں ہے۔
محمد راشد نے کہا کہ یہ نہایت افسوسناک ہے کہ بھارتی خفیہ اہلکاروں پر الزام ہے کہ وہ ایسی گروہوں کو مالی معاونت اور رہنمائی فراہم کرتے ہیں جو تخریب کاری اور دنیا بھر میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔
محمد راشد نے کہا کہ علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانا اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بھارت کی عادت بن چکی ہے، لہٰذا ایسے اقدامات دراصل بھارت کے انسدادِ دہشتگردی کے دعوؤں کی دو رُخی کو بے نقاب کرتے ہیں اور یہ سنگین خدشات کو جنم دیتے ہیں کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنے کے بجائے خود اسے ہوا دے رہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.