مشتاق احمد خان کی اپنی شہادت کی افواہوں کی تردید، ویڈیو پیغام جاری

فلسطین کی آزادی کے لیے جدوجہد ان کی زندگی کے آخری لمحے تک جاری رہے گی، مشتاق احمد
پُرامن گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے پاکستان میں پھیلائی جانے والی اپنی شہادت کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔
ویڈیو میں مشتاق احمد خان نے بتایا کہ کچھ ساتھیوں نے انہیں اطلاع دی کہ پاکستان میں ان کی موت کی خبریں چل رہی ہیں۔
تاہم انہوں نے اسے افواہ قرار دیا اور کہا کہ شہادت ان کے لیے عظیم مرتبہ ہے مگر وہ اس وقت تک شہادت کے مستحق نہیں جب تک وہ غزہ کو اپنی آنکھوں سے نہ دیکھ لیں، اسرائیل کے خاتمے کا منظر نہیں دیکھ لیں، اور مسجد الاقصیٰ میں نماز ادا کرنے کا موقع نہیں ملے۔
مشتاق احمد نے کہا کہ فلوٹیلا کا مقصد مکمل طور پر انسانی نوعیت کا ہے، محصور فلسطینیوں تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروری امداد پہنچانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قافلہ میں 44 ممالک کے انسانی حقوق کے کارکن، سیاستدان اور مختلف شعبوں کے افراد شامل ہیں اور فی الوقت وہ بین الاقوامی پانیوں میں غزہ کی طرف رواں دواں ہیں۔
مشتاق احمد نے اسے "آخری مگر فیصلہ کن مرحلہ” قرار دیا اور کہا کہ یہ سفر تین دن اور تین راتوں پر مشتمل ہے جو کل شام سے شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے پاکستانی عوام اور شہری اداروں سے اپیل کی کہ وہ فلوٹیلا کو حفاظت اور تعاون فراہم کرنے کے لیے آواز بلند کریں اور حکومت سے مطالبہ کریں کہ وہ اس امن پسند انسانی امدادی قافلے کی حفاظت کو یقینی بنائے۔
مشتاق احمد نے زور دیا کہ فلوٹیلا کا عمل بالکل امن پسند ہے اور اس کا مقصد محصور عوام تک زندگی بچانے والی امداد پہنچانا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.