پیر، 13-اکتوبر،2025
پیر 1447/04/21هـ (13-10-2025م)

پاکستان کسی طاقت کی دوڑ کا حصہ نہیں، امن و ترقی اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

29 ستمبر, 2025 11:15

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی طاقت کی دوڑ کا حصہ نہیں، امن و ترقی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک اور واشنگٹن کا دورہ مفید رہا، یو این عمارت میں غزہ کی صورتحال پر اجلاس خوش آئند پیش رفت ہے، امریکی صدر نے غزہ کی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، غزہ کی صورتحال سے متعلق اجلاس کیلئے پاکستان کو خاص طور پر مدعو کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے، یقین ہے غزہ پر اجلاس کا مثبت نتیجہ جلد سامنے آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پانی کے معاملے پر بھی اقوام متحدہ میں بات کی، معرکہ حق میں ہم نے بھارت کو شکست فاش دی، پاک افواج نے بھارت کو جو سبق سکھایا وہ ہمیشہ یاد رکھے گا، جنگ کے دوران قوم بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی تھی، فتنہ الخوارج کیخلاف جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شہباز شریف نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دہشت گردوں کو رہا کرکے دوبارہ بسایا جس سے ملک کو نقصان پہنچا۔

وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ چونکہ پاکستان ایک نیو کلیئر پاور ہے، اس لیے اگر جنگ طول پکڑتی تو بڑے نقصانات ہوتے۔

ماحولیاتی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچائی ہے لیکن قوم کا حوصلہ بلند ہے اور ہم اس چیلنج سے بھی کامیابی سے نمٹیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کیا جائے گا اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو خوشگوار اور مفید قرار دیا اور کہا کہ اس ملاقات میں معدنیات اور تجارت کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

انہوں نے پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے کردار پر بھی شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط اعتماد اور تعاون کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان طاقت کی کسی دوڑ میں شامل نہیں اور امن و ترقی کو اولین ترجیح دیتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔