کراچی میں پانی چوروں کے خلاف کارروائی کا فائنل راؤنڈ شروع

کراچی میں تین دن تک پانی کی بندش رہے گی، مگر کیوں؟
کراچی میں پانی مافیا پر زمین تنگ ہونا شروع ہوگئی، شہر میں پانی چوروں کے خلاف فائنل رائونڈ شروع کردیا گیا۔
کراچی واٹر کارپوریشن نے میئر کراچی و چیئرمین کراچی واٹر کارپوریشن مرتضیٰ وہاب صدیقی کے واضح احکامات کے بعد شہر سے پانی مافیا کا جڑ سے خاتمہ کرنے کیلئے تابڑ توڑ ایکشن شروع کردیئے تین روز میں 10 غیر قانونی ہائیڈرنٹس ،20 سے زائد پانی چور گروپ کا خاتمہ کردیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ضلع غربی کے مختلف علاقوں میں واٹر کارپوریشن نے پانی مافیا پر بھرپور چڑھائی کردی ہے اور پانی مافیا کے خلاف آپریشن پہلے سے کئی گناہ تیز کردیا گیا ہے۔
درجنوں غیر قانونی واٹر کنکشنز کاٹ دیئے گئے واٹر کارپوریشن کے تمام آپریشن میں پاکستان رینجرز سندھ بھی موجود تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی او او واٹر کارپوریشن اسد اللہ خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ میئر کراچی مرتضی وہاب صدیقی چاہتے ہیں کہ شہر سے پانی مافیا کا جڑ سے خاتمہ ہو اور عوام کے گھر گھر میں پانی میسر ہو اس لیے پانی چوروں کے خلا زمین تنگ کردی جائے اور کسی بھی صورت کوئی دبائو برداشت نہیں کیا جائے جس کے بعد شہر میں پانی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر ایکشن جاری ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ پانی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندارج شروع کردیا گیا گزشتہ دنوں بلوچ گوٹھ اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں پانی چوروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے بعد اورنگی ٹاؤن تھانے میں پانی چوری میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرا دی گئی۔
ایف آئی آر پانی چور مافیا کے کارندے فاروق اور عبدالعزیز کے خلاف درج کرائی گئی ہے ، ایف آر آئی متن کے مطابق اورنگی ٹاؤن بلوچ گوٹھ میں واٹر کارپوریشن نے پاکستان رینجرز کی موجودگی میں آپریشن کیا جہاں غیر قانونی بورنگ اور کنکشنز کے ذریعے سے پانی چوری کیا جا رہا تھا۔
واٹر کارپوریشن کی اینٹی تھیفٹ ٹیم اور رینجرز کو دیکھ کر پانی مافیا کے کارندے بھاگ گئے ،اینٹی تھیفٹ سیل اور رینجرز اہلکاروں نے موقع سے پانی کی موٹریں، پلاسٹک پائپس اور پمپس ضبط کئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی و چیئرمین مرتضی وہاب صدیقی کراچی میں پانی مافیا کے خاتمے کیلئے جاری آپریشن پر کوئی بھی کوتاہی برداشت کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
میئر کراچی کی سنجیدگی اور واضح احکامات کے بعد واٹر کارپوریشن کی تمام مشینری شہر کے تمام اضلاع میں پانی چوروں کے خلاف بھرپور طریقے سے متحرک ہے ۔شہری حلقے بھی اس آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.