پیر، 13-اکتوبر،2025
پیر 1447/04/21هـ (13-10-2025م)

نادرا کینسلیشن سرٹیفکیٹ کا مقصد کیا ہے؟ درخواست دینے کا طریقہ سامنے آگیا

29 ستمبر, 2025 15:44

نادرا کینسلیشن سرٹیفکیٹ اس وقت جاری کیا جاتا ہے جب کسی پاکستانی شہری کا کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ختم یا منسوخ کیا جانا ہو۔

نادرا کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کینسلیشن سرٹیفکیٹ ایک اہم سرکاری رجسٹریشن دستاویز ہے، جو اس وقت جاری کی جاتی ہے جب کسی پاکستانی شہری کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) یا دیگر شناختی دستاویزات کو ختم یا منسوخ کرنا مقصود ہو۔ یہ سرٹیفکیٹ مخصوص قانونی وجوہات کی بنیاد پر جاری کیا جاتا ہے، جن میں وفات، شہریت ترک کرنا، دوہری شناخت یا طلاق کی صورت شامل ہیں۔

وفات کی صورت میں، اگر کوئی پاکستانی شہری یا سابق پاکستانی دنیا سے رخصت ہو جائے تو اس کے قریبی عزیز جیسے والدین، بہن بھائی، شریکِ حیات یا اولاد نادرا رجسٹریشن سینٹر جا کر شناختی کارڈ کی منسوخی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

 اس عمل کے لیے متوفی کا اصل شناختی کارڈ، یونین کونسل سے جاری کردہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور درخواست گزار کا قومی شناختی کارڈ پیش کرنا لازمی ہوتا ہے۔ نادرا سینٹر پر متوفی کا اصل شناختی کارڈ ضائع کر دیا جاتا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے غلط استعمال سے بچا جا سکے۔

اسی طرح، وہ پاکستانی شہری جنہوں نے کسی ایسے ملک کی شہریت اختیار کر لی ہو جہاں دوہری شہریت کی اجازت نہیں، وہ بھی اپنے شناختی کارڈ یا نائیکوپ کی منسوخی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے لیے متعلقہ ملک کا پاسپورٹ دکھانا ضروری ہے۔

سابق پاکستانی شہری جو غیر ملکی شہریت حاصل کرنے کے بعد پاکستان اوریجن کارڈ (POC) رکھتے ہوں، وہ اسے اس وقت منسوخ کرا سکتے ہیں جب حکومت پاکستان متعلقہ ملک کے ساتھ دوہری شہریت کا معاہدہ کر لے یا اگر وہ دوبارہ پاکستانی شہریت حاصل کر لیں۔

طلاق کی صورت میں بھی کینسلیشن کی درخواست دی جا سکتی ہے، بشرطیکہ کسی پاکستانی شہری نے غیر ملکی شریکِ حیات کے لیے پی او سی جاری کروایا ہو۔ علیحدگی کے بعد پاکستانی فریق اپنے سابقہ غیر ملکی شریکِ حیات کے پی او سی کو منسوخ کروانے کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔

علاوہ ازیں، اگر کسی فرد کے پاس غلطی سے دو یا زائد شناختی کارڈ موجود ہوں تو اُسے قریبی نادرا دفتر (پاکستان یا بیرون ملک) جا کر مسئلہ حل کروانا ہوگا۔ اوورسیز پاکستانی اس سلسلے میں ای میل کے ذریعے بھی نادرا سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

نادرا نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ شناختی معلومات میں کسی بھی تضاد یا غیر ضروری ریکارڈ کی فوری تصحیح کے لیے بروقت کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں قانونی یا سیکیورٹی مسائل سے بچا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔