منگل، 30-ستمبر،2025
منگل 1447/04/08هـ (30-09-2025م)

Advertisement

Advertisement

Advertisement

Advertisement

کوئٹہ: بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کا خودکش حملہ، 10 افراد جاں بحق، 6 دہشتگرد بھی ہلاک

30 ستمبر, 2025 12:44

کوئٹہ کے علاقے حالی روڈ پر فرنٹیئر کور (ایف سی) ہیڈکوارٹرز کے قریب بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔

خودکش حملہ آور کے ساتھ آنے والے دہشت گردوں نے دھماکے کے بعد ایف سی ہیڈکوارٹرز میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، حملے میں 2 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق جبکہ 32 زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کے فوراً بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو سول اسپتال، بی ایم سی اور ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام ڈاکٹرز، کنسلٹنٹس، فارماسسٹ، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ہنگامی بنیادوں پر طلب کر لیا گیا ہے۔

دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زوردار دھماکے کے بعد شعلے بلند ہوئے اور قریبی گاڑیاں بھی لپیٹ میں آگئیں، سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دوسری جانب سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے، کوئٹہ میں 30ستمبر بوقت 11بج کر ۳۶ منٹ پر خودکش دھماکا ہوا۔

خودکش دھماکے کے بعد 5 خارجیوں نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی جبکہ سکیورٹی فورسز نے خوارج کی ایف سی ہیڈکوارٹر میں داخلے کی کوشش ناکام بنا ئی۔

بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے پانچوں خوارج کو دیوار کے باہر ہی جہنم واصل کر دیا، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ، بارودی مواد اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

سیکیورٹی فورسز اس سے قبل ژوب کے متعدد علاقوں میں صرف گزشتہ ایک ماہ میں بھارتی پراکسی فتنہ آل خوارج کے 60 سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کر چکی ہیں۔

کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، آپریشن کے بعد وزیر اعظم، صدرِ مملکت اور وفاقی وزیرِ داخلہ نے فورسز کی بہادری کو سراہا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نقصان پہنچانے والوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے جائیں گے، جو عناصر ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے، انہیں عبرتناک سزا دی جائے گی۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی ایف سی جوانوں کی بروقت کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نواز شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو بار بار ناکام بنایا جائے گا، انہوں نے زخمی ایف سی اہلکاروں کی صحت یابی کی دعا بھی کی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کوئٹہ میں دہشت گردوں کو ہلاک کرنے والے ایف سی جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔