پیر، 13-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

مریم نواز کا مری کیلئے ٹرین اور مفت گرین لائن بس چلانے کا اعلان

01 اکتوبر, 2025 15:41

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری کے لیے بڑے ترقیاتی پروجیکٹ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

مریم نواز نے سیاحتی شہر مری میں عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست دراصل عوامی خدمت کا نام ہے۔ انہوں نے مری کے پہلے کارڈیک سینٹر کا افتتاح کیا اور مری کے عوام کو ایک بڑی سہولت دینے کا اعلان کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ مری ان کا دوسرا گھر ہے اور بچپن سے اس علاقے سے خاص لگاؤ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور کے بعد نواز شریف کی ذاتی وابستگی مری سے ہے۔ ان کے مطابق، مری سے جو پیار ہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مری کے مریضوں کو دل کے علاج کے لیے راولپنڈی جانے میں 3 سے 4 گھنٹے لگتے تھے، جس کے باعث کئی لوگ بروقت علاج نہ ملنے کی وجہ سے اپنی جانیں کھو بیٹھے۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے فیصلہ کیا کہ مری میں پہلا کارڈیک سینٹر بنایا جائے۔ آج اس اسپتال میں باقاعدہ کام شروع ہو گیا ہے اور پانچ مریضوں کی انجیوگرافی بھی کی گئی۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ اس اسپتال کی کئی سال بعد اپ گریڈیشن ممکن ہوئی ہے۔

انہوں نے مری کے انفرااسٹرکچر کی بہتری پر بھی بات کی اور کہا کہ سڑکوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو آسانی ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ بہت جلد راولپنڈی سے مری تک ٹرین سروس شروع کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چار سال صرف لوٹ مار کا دور تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مری میں غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی کیونکہ اس سے مری کی خوبصورتی خراب ہوتی ہے۔

خواتین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ بنایا جائے گا اور اگر کسی خاتون کے ساتھ ظلم یا زیادتی ہوئی تو وہ ذمہ داروں کو ہرگز نہیں چھوڑیں گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔