پیر، 13-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

"کیا ہم زبانیں بند کرکے بیٹھ جائیں، پنجاب چھوڑ کر چلے جائیں؟” پیپلزپارٹی کا ن لیگ کو جواب

01 اکتوبر, 2025 16:59

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے بحرانوں کا شکار رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میں بحرانوں سے نمٹنے کی کوشش کی، کچھ دنوں سے ایسے سوالات اٹھائے جارہے ہیں جو مناسب نہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم نے نیک نیتی سے مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا، حکومت یکسوئی کے ساتھ عوام کے مسائل حل کرے، بدقسمتی کے ساتھ طے شدہ باتوں پر عمل نہیں ہوا۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت کو ہر معاملے پر سپورٹ کیا، ہم نے وزارتیں لیے بغیر حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا، جو کچھ چند دن سے شروع ہوا اس کا کوئی فائدہ نہیں۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ پچھلی حکومت میں کسی طرح الگ ہوئے سب کو معلوم ہے، ماضی کے زخموں کو بھلانا چاہتے ہیں، اتنی دور نہ جائیں، وہ لہجے، الفاظ استعمال نہ کریں جو ماضی میں استعمال ہوئے۔

ہم بھی پنجاب والے ہیں، لوگوں کو کرائسز کا حل ضرور بتائیں، ہماری رائے پر سندھ حکومت کو نشانہ بنایا گیا، پچھلی حکومت میں کیسے الگ ہوئے تھے وہ بھی یاد ہے۔

کائرہ نے مزید کہا کہ کہتے ہیں کسی کو بات کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، کہتے ہیں جو انگلی ادھر اٹھے گی اسے توڑ دیں گے، ہم نے مسلم لیگ ن کی حکومت پر کوئی سوالات نہیں اٹھائے۔

بلاول بھٹو کے دورہ قصور پر انتظامیہ کا رویہ ٹھیک نہیں تھا، بلاول بھٹو نے دورہ قصور میں مریم نواز کے کاموں کی تعریف کی، ہماری تنقید پر آپ سیخ پا ہوتے ہیں کہتے ہیں چھوڑیں گے نہیں۔

بلاول بھٹو نے وزیر اعظم کو بتایا کہ سیلاب متاثرین بڑی مشکل میں ہیں، ہم نے صرف حکومت کے طریقہ کار پر سوال اٹھائے، جب بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں یہ پنجاب پر حملہ ہے۔

بی آئی ایس پی صرف پیپلز پارٹی کا پروگرام نہیں، جس لہجے میں باتیں ہورہی ہیں وہ ماضی میں بھی ہوتی رہیں، آپ صرف وزیر اعلیٰ نہیں، آپ نواز شریف کی بیٹی ہیں۔

پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ آپ اپنی باتوں پر غور کریں کہاں بیٹھی ہیں، جو اختلاف جتنا ہو اسے اتنا ہی رکھنا چاہیے، آپ خاتون ہیں، ہماری بہن، بیٹی قابل احترام ہیں۔

آپ یہ کہیں کسی کو بولنے نہیں دوں گی، ہاتھ توڑ دوں گی یہ مناسب نہیں، اگر سندھ سے ایسی آوازیں اٹھیں گی تو پھر کیا بنے گا، کیا ہم زبانیں بند کرکے بیٹھ جائیں، پنجاب چھوڑ کر چلے جائیں؟

رہنما نے آخر میں کہا کہ آپ کے الفاظ وفاق کو باندھنے کیلئے ہونے چاہئیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کو کس نے کہا بھیک مانگیں؟

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔