پیر، 13-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

ممکن ہے آج رات ہم پر حملہ ہوجائے؛ مشتاق احمد کا تشویشناک پیغام

01 اکتوبر, 2025 10:14

غزہ کے لیے امدادی مشن پر روانہ گلوبل صمود فلوٹیلا اسرائیلی بحریہ کے نشانے پر آ گئی ہے۔

قافلے میں شامل پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے ایک ویڈیو پیغام میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آج رات فلوٹیلا پر اسرائیل کی جانب سے حملہ ہو سکتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری کردہ ویڈیو میں مشتاق احمد خان نے کہا کہ اسرائیلی جنگی جہاز دور سے نظر آنا شروع ہو گئے ہیں، جس سے حملے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال کے باعث سب نے حفاظتی جیکٹس پہن لی ہیں، تاہم فلوٹیلا کا سفر رکے گا نہیں۔

مشتاق احمد خان نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل نے ان کا موبائل فون جام کر دیا ہے، جس کے باعث وہ گزشتہ 36 گھنٹوں سے کسی سے رابطے میں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ "اسرائیل میرا فون جام کرسکتا ہے مگر غزہ کی طرف ہمارا سفر نہیں روک سکتا۔” اس موقع پر انہوں نے اپنا موبائل سمندر میں پھینک دیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

سابق سینیٹر نے کہا کہ چاہے ہم سمندر میں مچھلیوں کی خوراک بن جائیں یا اسرائیلی ڈرون کا نشانہ، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے اور غزہ کی طرف سفر جاری رہے گا۔

انہوں نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ اگر وہ غزہ نہیں جا سکتے تو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے پرامن احتجاج کریں اور فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیل نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والی کشتیوں میڈلین اور حنظلہ کو بھی روک دیا تھا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔