اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

آزاد کشمیر کی خراب صورتحال؛ وفاقی مذاکراتی کمیٹی کی مظاہرین کو جائز مطالبات پرعمل درآمد کی یقین دہانی

02 اکتوبر, 2025 16:04

وفاقی حکومت کی اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی مظفر آباد پہنچ گئی ہے جہاں انہوں نے کشمیری عوام کے جائز مطالبات سننے اور حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

 کمیٹی نے مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل کی اور خطے کی موجودہ صورت حال کو سمجھتے ہوئے مطالبات پر عمل درآمد کرنے کا یقین دلایا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کمیٹی بنانے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شہباز شریف نے ایک بہترین قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت باقی رہ جانے والے مطالبات پر بات چیت کی جائے گی تاکہ تعطل کو دور کیا جا سکے۔

کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس میں احسن اقبال نے کہا کہ کچھ عناصر امن و امان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور حکومت عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہمیں بیٹھ کر جائز مطالبات پر بات کرنی ہوگی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر تمام غلط فہمیاں دور کی جائیں گی کیونکہ آزاد کشمیر کے لوگ ہمارے بھائی ہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کے جائز مطالبات حل ہوں اور احتجاج یا تشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، مسائل صرف بات چیت کے ذریعے حل ہو سکتے ہیں۔

 راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے اور پیپلزپارٹی کی قیادت معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، انجینئر امیر مقام، راجہ پرویز اشرف، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق، سابق صدر آزاد جموں و کشمیر مسعود خان اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔