اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، وزیر اعلیٰ مریم نواز

02 اکتوبر, 2025 12:00

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ طلبہ کے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں، پوزیشن ہولڈرز طلبہ نے پنجاب اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، نوجوان طلبہ ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہونہار طلبہ کو اسکالر شپ نہ ملتے تو وہ تعلیم سے محروم رہ جاتے، پنجاب میں اس وقت 80 ہزار طلبہ ہونہار اسکالرشپ کے تحت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پرائیویٹ اور سرکاری اسکولوں کی تعلیم میں بہت فرق آ چکا ہے، وزیر اعلیٰ بننے کے بعد تعلیم میں اس فرق کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، طلبہ کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال بھی ضروری ہے اور میرے نزدیک سب برابر ہیں، کسی قسم کی تفریق نہیں ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سفارش اور دھاندلی پر فل اسٹاپ لگا دیا ہے، پنجاب میں میرٹ کی پامالی نہیں ہوتی، آج پنجاب میں امتحانی مراکز نہیں بکتے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ میرٹ پر آنے والوں کو ان کے پاس بھیجا جائے، اگر آپ میرٹ پر ہیں تو کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ آج تک کسی ایک سفارشی کی حکومتی عہدے پر تقرری نہیں کی، گزشتہ 4 سالہ دور حکومت میں من پسندافراد کو ٹھیکے دیے جاتے تھے اور آج اگر میرٹ کا راستہ نہ کھولا تو کل آپ کے اوپر کوئی سفارشی آجائے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ میرٹ کو اہمیت دے رہی ہیں تاکہ مستقبل میں مشکلات نہ ہوں اور میرٹ کو فروغ ملتا ہے تو ہونہار بچے سامنے آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین اور جاپان میں نوجوانوں کی تعداد کم ہے اور پنجاب کی ذمے داری انہوں نے اپنے کندھوں پر اٹھالی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا بیٹا بھی سرکاری اسکول میں جاتا ہے اور کوئی ایسا وزیر دکھا دیں جس کا بیٹا سرکاری اسکول میں پڑھتا ہو، پنجاب میں تفریق کی باتیں کرنے والے کسی کے خیر خواہ نہیں اور کبھی کسی شہر کے ساتھ تفریق نہیں کی، وہ پورے پنجاب کو جوڑ کر رکھنا چاہتی ہیں اور ان کے دماغ میں کوئی تقسیم کی بات نہیں، شمالی اور جنوبی پنجاب کرنے والے آپ کے دوست نہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں تعلق کی بنیاد پر ٹھیکے دیے گئے جبکہ سیاسی اثر و رسوخ سے ملنے والے ٹھیکے منسوخ کیے گئے، خواتین کو ہراساں کرنے پر 24 گھنٹے میں ایکشن ہوتا ہے، میری بیٹیاں گھر میں محفوظ ہیں تو سڑکوں پر کروڑوں بیٹیاں بھی محفوظ ہونی چاہئیں، دیگر صوبوں کے بچے حکومت سے سوال کریں کہ ہونہار اسکالر شپ کہاں ہیں؟ حکمرانوں کا کام صرف ووٹ لینا نہیں ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کے تمام نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور پانچ سال میں پنجاب کو ترقی یافتہ صوبہ بنایا جائے گا، نوجوان فیک اور جھوٹے پروپیگنڈے کے قریب نہ جائیں اور کبھی کسی کا ایندھن نہ بنیں، 9 مئی کو حملہ کرنے والے نوجوان آج جیلوں میں ہیں، جو جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دیتا ہے وہ دشمن ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔