سرکاری ملازمین کیلئے بُری خبر؛ کونسی سہولیات ختم کردی گئیں؟

Bad News for Government Employees: Which Facilities Have Been Withdrawn?
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کے افسران کو دی جانے والی غیر ضروری سہولیات ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کی کارکردگی پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو ایک ہفتے کی مہلت دے دی ہے کہ وہ اپنی کوتاہیاں دور کریں، بصورتِ دیگر کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے موٹروے پولیس کے افسران کو دی جانے والی غیر ضروری سہولیات ختم کرنے کا بھی اعلان کیا، جن میں حجام، باورچی اور ذاتی ملازم شامل ہیں۔
اسلام آباد میں موٹروے پولیس کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وہ موجودہ کارکردگی سے ہرگز مطمئن نہیں، اور چاہتے ہیں کہ ادارہ فوری طور پر بہتری کی جانب بڑھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اہلکاروں کا اصل کام عوام کی خدمت ہے، نہ کہ افسران کے گھروں پر ذاتی ملازمین کی طرح کام کرنا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کوئی بھی افسر شاہانہ طرزِ عمل اختیار نہیں کر سکے گا اور اخراجات میں واضح کمی لانا ہوگی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بیوروکریسی کو روایتی طریقہ کار سے باہر آ کر عملی اقدامات کی طرف جانا ہوگا۔ عہدے کسی پر احسان نہیں بلکہ یہ ذمہ داریاں ہیں، اور سب کو ملک کے لیے کچھ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر موٹروے پولیس نے بہتر کارکردگی دکھائی تو انہیں مزید مراعات بھی دی جائیں گی۔
اجلاس کے دوران عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ موٹرویز پر اوور اسپیڈنگ اور ایکسل لوڈ پالیسی پر 100 فیصد عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر جرمانہ اور 150 کلومیٹر سے زائد کی رفتار پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، حادثات کی روک تھام کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلانے، پمفلٹس تقسیم کرنے اور سائن بورڈز نصب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
وفاقی وزیر نے موٹروے پر داخلے کے مقامات پر مزید افسران تعینات کرنے اور گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ کا نظام آؤٹ سورس کرنے کی تجویز بھی دی۔ اجلاس میں ترقی یافتہ ممالک کے طرز پر گاڑیوں کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کے نظام پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مواصلات اور آئی جی موٹروے پولیس نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.