موٹروے پر سفر کرنے والے خبردار!!! سخت قانون نافذ

Motorway travellers beware! Strict law enforcement in effect
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پر تیز رفتار گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹروے پر 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسے ڈرائیوروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) کو ہدایت کی ہے کہ اوور اسپیڈنگ اور ایکسل لوڈ پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
موٹروے پولیس کی کارکردگی اور حکمت عملی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کرنے پر مجرمانہ کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے حادثات کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی مہم، پمفلٹ کی تقسیم اور موٹروے کے داخلی مقامات پر وارننگ بورڈز نصب کرنے کی ہدایت بھی کی۔
عبدالعلیم خان نے موٹروے پولیس کی موجودہ کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کی رہائش گاہوں پر تعینات تمام عملے کو فوری طور پر واپس بلانے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو باورچی، حجام یا ذاتی ملازم کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔ افسران کو اپنی تمام تر توانائی عوامی خدمت کے لیے وقف کرنی چاہیے، نہ کہ ذاتی آرام کے لیے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر نے گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ کا نظام آؤٹ سورس کرنے اور ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر الیکٹرانک مانیٹرنگ متعارف کروانے کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے این ایچ ایم پی کو موٹروے پر جرائم کی روک تھام کے لیے ٹھوس منصوبے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر نے موٹروے پولیس کو ایک ہفتے کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے کارکردگی میں واضح بہتری لانے کا مطالبہ کیا اور خبردار کیا کہ بہتری نہ آنے کی صورت میں سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کسی بھی مراعات کا دارومدار صرف کارکردگی اور احتساب پر ہوگا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سرکاری عہدے رکھنا اعزاز نہیں بلکہ قوم کی خدمت کی ذمہ داری ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.