ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

ٹرمپ کے نکات پاکستان کے نہیں، مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل ہی پاکستان کی پالیسی ہے، اسحاق ڈار

03 اکتوبر, 2025 13:00

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ عالمی ضمیر کا قبرستان بن چکا ہے۔

اسلام آباد میں اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے اراکین نے واک آؤٹ کیا تاہم بعد ازاں ایوان میں واپس آگئے۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوسکتے ہیں، مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہیں، ایک دوسرے پر الزام تراشی کسی کے لئے فائدہ مند نہیں، اپوزیشن نئی روایات قائم نہ کرے، میں ان کی بات سنتا ہوں میری بات بھی سنی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جنرل اسمبلی میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی، اپنی تقریر میں فلسطین، مسئلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدے کا معاملہ بھی اٹھایا اور اسرائیل کا نام لے کر تنقید کی۔ وزیر اعظم کی تقریر دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی گئی، غزہ عالمی ضمیر کا قبرستان بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پانچ عرب ممالک سمیت آٹھ اسلامی ریاستوں نے پاکستان کا ساتھ دیا، آٹھ ممالک نے غزہ مسئلے کے حل کے نکات کا خیر مقدم کیا اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں نے امریکی صدر سے اہم ملاقات بھی کی، فلسطین میں امداد کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں، اگر یو این اسمبلی غزہ میں ظلم نہیں روک سکتی تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ غزہ کی صورتحال پر بلائے گئے اجلاس میں 20 نکات کی تجویز آئی، پیر کو امریکا نے یہ نکات پیش کیے، کچھ ممالک نے کہا کہ ڈرافٹ پر آٹھ ممالک کے دستخط ہونے چاہئیں، ٹرمپ کے پیش کردہ نکات پاکستان کے نہیں ہیں، پاکستان کی پالیسی مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کیا ہمیں صرف تماشا دیکھنا ہے اور سیاسی بیان بازی کرنی ہے؟ مسئلہ فلسطین پر سیاست کی گنجائش نہیں۔

اسحاق ڈار نے وضاحت کی کہ وزیر اعظم سفر میں تھے، انہیں الہام نہیں ہوا، یہ نکات ہمارے نہیں تھے، دفتر خارجہ میں بریفنگ کے دوران صورتحال واضح کی گئی، جو ڈرافٹ پاکستان نے تیار کیا اس میں تبدیلی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو صرف شمع نظر آتی ہے، وہاں کھمبے لگے ہیں وہ نظر نہیں آتے، فلوٹیلا میں 45 جہاز ہیں جن میں سے 22 کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور اطلاعات کے مطابق سینیٹر مشتاق احمد بھی گرفتار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے پاکستان کے کوئی روابط نہیں اور نہ ہی سفارتی تعلقات ہیں، پاکستان کی مسئلہ فلسطین پر پالیسی تبدیل نہیں ہوئی، وہی پالیسی ہے جو قائداعظم کی تھی۔

سعودی عرب سے دفاعی معاہدے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ معاہدہ اچانک نہیں ہوا، ہر مسلمان حرمین شریفین پر جان لٹانے کے لئے تیار ہے، اللہ تعالیٰ نے ہمیں حرمین شریفین کے محافظوں میں شامل کرلیا ہے، یہ پاکستان کے لئے خوش قسمتی اور اعزاز ہے، پاکستان کا سعودی عرب سے تعلق کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کئی ممالک نے پاکستان سے دفاعی معاہدوں کی خواہش ظاہر کی ہے، پاکستان ایٹمی اور میزائل پاور ہے، اب ہمیں معاشی طاقت بھی بننا ہے اور جلد پاکستان 57 اسلامی ممالک کی قیادت کرے گا۔

شمع جونیجو کس وفد کے ساتھ اقوام متحدہ گئیں؟ اسحاق ڈار نے وضاحت دیدی

قومی اسمبلی کے اجلاس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے شمع جونیجو کے ذکر پر وضاحت پیش کی۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے ابتدا میں طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ "کھمبے بھی لگے ہیں لیکن نظر صرف شمع آتی ہے۔”

بعد ازاں انہوں نے تفصیل سے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں جانے والا وفد ہمیشہ وزیر خارجہ کے دستخط سے بھیجا جاتا ہے، اور اس فہرست میں شمع جونیجو کا نام شامل نہیں تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دوسرا وفد وزیر اعظم کے ہمراہ ہوتا ہے جس میں ان کا اسٹاف بھی شامل ہوتا ہے، اور شمع جونیجو اسی وفد کا حصہ تھیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔