اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات کامیاب، معاہدے پر دستخط ہوگئے

04 اکتوبر, 2025 11:00

آزاد کشمیر میں کئی روز سے جاری کشیدگی ختم ہو گئی ہے، حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور دونوں فریقین نے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

مظفرآباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے اعلان کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام جائز مطالبات تسلیم کر لیے گئے ہیں اور معاملات کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے لیگل ایکشن کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو ہر پندرہ دن بعد ملاقات کرے گی۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ کچھ عناصر حالات خراب کرنا چاہتے تھے مگر ان کے منصوبے ناکام ہوگئے، انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن قائم رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اب مسائل کمیٹی کے ذریعے حل ہوں گے، کسی کو سڑکوں پر آنے کی ضرورت نہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس معاہدے کو پاکستان، آزاد کشمیر اور جمہوریت کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تصادم کے بجائے مشاورت اور انا کے بجائے اتحاد کو ترجیح دی جس کی بدولت بحران پرامن طریقے سے ختم ہوا۔

 

 

طارق فضل چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدہ ہو چکا ہے، مظاہرین اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں اور تمام سڑکیں کھل گئی ہیں۔

وفاقی وزرا اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدے کے نکات بھی سامنے آئے ہیں جن کے مطابق پرتشدد واقعات میں ہلاکتوں کے حوالے سے انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔

معاہدے کے تحت یکم اور دو اکتوبر کو جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے گا جبکہ زخمیوں کو فی کس 10 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ شہداء کے خاندانوں میں ایک فرد کو 20 دن کے اندر سرکاری نوکری دی جائے گی۔

 مظفرآباد اور پونچھ ڈویژن میں دو اضافی سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ قائم کیے جائیں گے جو فیڈرل بورڈ سے الحاق ہوں گے۔ آزاد کشمیر حکومت 15 دن کے اندر ہیلتھ کارڈ کے لیے فنڈز جاری کرے گی جبکہ حکومت پاکستان بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری کے لیے 10 ارب روپے فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی کشیدہ صورتحال کے حل کے لیے رانا ثنااللہ، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، امیر مقام، سردار یوسف، راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ پر مشتمل اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔