حکومت پنجاب پیپلزپارٹی کے خلاف یک طرفہ مہم چلائی جارہی ہے، شرجیل انعام میمن

Punjab government is waging a one-sided campaign against PPP, says Sharjeel Inam Memon
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ہماری آڑ میں وزیراعظم کو نشانہ بنا رہی ہے، ایسا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پیپلزپارٹی وفاقی حکومت کو سپورٹ نہ کرے، ہم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دنوں سے پنجاب حکومت کی جانب سے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف یک طرفہ مہم چلائی جا رہی ہے، موجودہ وقت میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پورے پاکستان کو آنا چاہیے، ہماری جمعات نے سیلاب متاثرین کیلئے اپنی کوششیں تیز کیں، چیئرمین بلاول بھٹو نے بذات خود سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب نے صوبے کے ہر ضلع میں جاکر امدادی کاموں میں حصہ لیا، چیئرمین بلاول بھٹو نے سیلاب متاثرین کیلئے وزیراعظم اور وفاق سے اپیل کی، بلاول بھٹو نے کہا سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے انٹرنیشنل اداروں سے مدد لی جائے، جن ممالک کی وجہ سے یہ موسمیاتی تبدیلی ہو رہی ہے ان تک آواز پہنچنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی کے ذریعے وزیراعظم نے اس سال رمضان پیکج بھی دیا، رمضان پیکج دینے کیلئے بی آئی ایس پی کا ڈیٹا ہی استعمال کیا گیا، سندھ میں سیلاب آیاتو حکومت سندھ نے 21 لاکھ گھر بنانے کی بات کی، سندھ کے ہر ضلع میں گھر بنتے نظر آ رہے ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا اصل ٹارگٹ وفاقی حکومت ہے، پنجاب حکومت وفاق کے خلاف سازش کر رہی ہے، ہم سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انھوں نے کہا ان کا وزیراعظم سے حسد کا مسئلہ کافی عرصے سے چل رہا ہے، وزیراعظم جب بھی سندھ آتے ہیں تو وزیراعلیٰ سندھ ان کو پروٹوکول دیتے ہیں، وزیراعظم کو اپنے ہی پنجاب میں پروٹوکول نہیں ملتا اور وہاں کی ایڈمنسٹریشن اس طرح ان کو ریسیو نہیں کرتی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا خواجہ آصف کی گفتگو بھی سن لیں وہ سیالکوٹ سے آپ کے پنجاب کے بارے کیا کہ رہے ہیں، ہمیں دھمکیاں ملیں کہ آپ کی انگلیاں توڑ دیں گے، پیپلزپارٹی نے بڑے بڑے ڈکٹیٹروں کا کھلے دل سے سامنا کیا، پیپلزپارٹی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے والی نہیں، یہ گیدڑ بھبکیاں اور ڈر، خوف کی دھمکیاں ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھاکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے جاتے، ہمیں تو عدالتوں کی ڈیڈ لائنیں آتی تھیں کہ بلدیاتی انتخابات کراؤ، مطالبہ ہے پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کرائیں تاکہ عوام کا رجحان بھی نظر آئے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.