اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

حماس کی غزہ کا انتظام فلسطینی انتظامیہ کے سپرد کرنے پرآمدگی، پاکستان کی جانب سے خیرمقدم

05 اکتوبر, 2025 16:36

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نےغزہ کا انتظام ماہر ٹیکنوکریٹس کی عبوری فلسطینی انتظامی کمیٹی کے سپرد کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔ پاکستان نے اس عمل کا خیر مقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ کی جانب سے مشترکہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ جنگ کے خاتمے سے متعلق تجویز پر حماس کے مثبت ردعمل کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق مشترکہ بیان میں حماس کے یرغمالیوں کی رہائی اور عمل درآمد کے طریقہ کار پر مذاکرات کے آغاز کے فیصلےکو بھی سراہا گیا اور امریکی صدر ٹرمپ کی اسرائیل سے فوری بمباری روکنے کے مطالبے کا خیر مقدم کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے متعلقہ ممالک کے وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کی تعریف کی، مشترکا بیان کے مطابق یہ پیشرفت جامع، پائیدار جنگ بندی کے لیے حقیقی موقع فراہم کرتی ہیں۔

وزرائے خارجہ نے تجویز پر عملدرآمد کا طریقہ کار طے کرنے کے لیے فوری مذاکرات کے آغاز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے فوری خاتمے، انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کے عدم انخلا کو یقینی بنایا جائے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے، فوری امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا اور مشترکہ بیان میں حماس کی جانب سے غزہ کا انتظام ماہر ٹیکنوکریٹس کی عبوری فلسطینی انتظامی کمیٹی کے سپرد کرنے کی پیشکش کا خیرمقدم کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ امن کے قیام کی حمایت کی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔