اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

بڑی مشکل حل؛ عوام کیلئے نادرا نے ایک اور سہولت متعارف کروا دی

06 اکتوبر, 2025 10:40

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے انتقال کر جانے والے افراد کے شناختی کارڈ کی منسوخی کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے اہم اصلاحات متعارف کروا دی ہیں۔

 پاکستان میں بہت سے شہری اپنے قریبی رشتے داروں کی وفات کا بروقت اندراج نہیں کرواتے یا مرحوم کا شناختی کارڈ منسوخ نہیں کرواتے، جس کے باعث وراثت، پنشن اور دیگر قانونی معاملات میں پیچیدگیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔

نادرا نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے شناختی کارڈ کی منسوخی کی فیس ختم کر دی ہے تاکہ شہریوں کو مالی رکاوٹوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ صوبائی سول رجسٹریشن مینجمنٹ سسٹم (CRMS) کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کا نظام مزید مضبوط کر دیا گیا ہے اور وفات کی بائیومیٹرک تصدیق کو لازمی قرار دے کر جعلی یا غلط اندراجات میں نمایاں کمی لائی گئی ہے۔

حکام کے مطابق نئے نظام کے نفاذ کے بعد اموات کے اندراج میں بہتری آئی ہے، جس کی بدولت خاندانی ریکارڈ زیادہ درست اور شفاف ہو رہا ہے۔ نادرا نے اپنی پاک آئی ڈی ایپ میں بھی نئی سہولیات شامل کی ہیں، جس کے ذریعے اب شہری اپنے قریبی رشتہ دار کی وفات کے بعد شناختی کارڈ کی منسوخی کی درخواست آسانی سے دے سکتے ہیں۔

پنجاب کے تین اضلاع میں بطور پائلٹ پراجیکٹ وفات کے اندراج کی سہولت بھی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے فراہم کی گئی ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں پیدائش، شادی، طلاق اور وفات کے اندراج کی سہولت پورے ملک میں دستیاب کر دی جائے گی۔ علاوہ ازیں، پاک آئی ڈی ایپ میں خاندانی ریکارڈ دیکھنے اور غلطیوں کی نشاندہی کا نیا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔