اتوار، 12-اکتوبر،2025
اتوار 1447/04/20هـ (12-10-2025م)

پاکستان جدید میزائل ٹیکنالوجی سے بھارت کے عزائم کا بھرپور جواب دے سکتا ہے: ناصر جنجوعہ

06 اکتوبر, 2025 10:15

سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان جدید میزائل ٹیکنالوجی سے بھارت کے عزائم کا بھرپور جواب دے سکتا ہے۔

اسلام آباد میں "پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیاں، مستقبل کی امیدیں اور آئندہ دفاعی حکمتِ عملی” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جہاں دفاعی و خارجہ امور کے ماہرین نے خطاب کیا۔

سابق مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے خبردار کیا کہ بھارت پاکستان پر دوبارہ میزائل حملہ کرسکتا ہے، اس لیے اسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس جدید میزائل ٹیکنالوجی ہے اور وہ دشمن کے عزائم کا مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، حالیہ کامیابیوں کے بعد پاکستان اور اس کی افواج کا عالمی قد بڑھا ہے جبکہ بھارت دنیا میں تنہائی کا شکار ہے۔

ناصر جنجوعہ نے کہا کہ امریکا نے عراق، لیبیا، مصر اور شام کو تباہ کیا اور امت مسلمہ کی قیادت کو ختم کر دیا۔ پاکستان واحد اسلامی جوہری طاقت ہے جو دشمن کو کھٹکتی ہے۔

ایئر مارشل (ر) ساجد حبیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کی پشت پناہی یافتہ کالعدم ٹی ٹی پی پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے، اگر بھارت نے دوبارہ حملہ کیا تو اس بار پاکستان 70 جہاز گرائے گا۔

خارجہ امور کے ماہر محمد مہدی نے کہا کہ چین اور امریکا کے ساتھ متوازی تعلقات پاکستان کی سفارتی کامیابی ہیں لیکن مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا طالبان اور ٹی ٹی پی کو اپنے لیے خطرہ نہیں سمجھتا، جبکہ سی پیک پر کام مطلوبہ رفتار سے آگے نہیں بڑھ سکا، ملکی معیشت کی بہتری کے لیے کیپیسٹی بلڈنگ اور فارن انویسٹمنٹ ناگزیر ہے۔

پاکستان نیوی کے ریئر ایڈمرل (ر) این اے رضوی نے کہا کہ جب تک گوادر مکمل طور پر فعال نہیں ہوتا، پاکستان سنگین خطرات سے دوچار رہے گا، تاہم بحری سیکیورٹی پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔

سیمینار سے سلمان غنی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاک فوج نے اپنی ذمہ داری ادا کر دی ہے مگر سیاسی و معاشی میدان میں ابھی بہت سا کام باقی ہے۔

میجر (ر) نیئر شہزاد نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو بھارت کے خلاف سرخرو کیا ہے، جس کی گواہی امریکی صدر ٹرمپ بھی کئی بار دے چکے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔