اتوار، 12-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

پاکستان اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات، بجٹ اہداف اور سیلابی نقصانات پر تفصیلی غور

07 اکتوبر, 2025 12:02

اسلام آباد: پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں جن میں معیشت، بجٹ اہداف، اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر تفصیلی گفتگو کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے وفاق اور صوبوں کی متضاد مالی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور صوبائی مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں سیلاب سے متاثرہ زرعی اور معاشی نقصانات کے تخمینے جمع کر رہی ہیں تاکہ بحالی اور امدادی اقدامات کے لیے درست ڈیٹا دستیاب ہو، تاہم آئی ایم ایف کے ذرائع کے مطابق، موجودہ تخمینے عبوری نوعیت کے ہیں اور حتمی نتائج اخذ کرنا قبل از وقت ہوگا۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے کچھ شرائط میں نرمی کی درخواست کی ہے، خصوصاً صوبائی کیش سرپلس اور پرائمری بجٹ اہداف سے متعلق۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی ترقیاتی بجٹ میں ممکنہ کٹوتی پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ مالیاتی توازن برقرار رکھا جا سکے، رواں مالی سال کے لیے صوبوں کے مجموعی کیش سرپلس کا ہدف 1464 ارب روپے جبکہ پرائمری سرپلس کا ہدف 3170 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق سندھ اور پنجاب اپنے مالی سرپلس اہداف حاصل نہیں کر سکے۔ ذرائع کے مطابق سندھ کا بجٹ 40 ارب روپے خسارے میں ہے، جبکہ پنجاب نے آئی ایم ایف کی سخت شرائط پر اعتراض اٹھایا ہے۔

آئی ایم ایف نے سیلابی فنڈز کے اجرا کو تخمینوں اور شفاف رپورٹنگ سے مشروط کر دیا ہے۔

اجلاس میں توانائی کے شعبے میں جاری اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی اور ادارہ جاتی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔