ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاکپتن میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کردیا

08 اکتوبر, 2025 16:22

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاکپتن میں الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کردیا ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکپتن پہلے سے زیادہ گرین نظر آیا، پاکپتن پہلے سے بہتر منظر پیش کررہا ہے، نواز شریف نے پاکپتن والوں کیلئے محبت کا پیغام بھیجا، پاکپتن مجھے پہلے سے زیادہ صاف نظر آیا، میری زیادہ توجہ چھوٹے شہروں پر ہے، دوسرے صوبوں سے آنے والے کہتے ہیں کاش ہمارا صوبہ بھی ایسے صاف ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب توقع سے زیادہ بڑا پروگرام بن چکا ہے، لوگ اب کہتے ہیں بیٹیاں جب آتی ہیں وہ گھروں کو چمکادیتی ہیں، پنجاب کے عوام کا پیسہ عوام پر لگتا ہے اور نظر بھی آتا ہے، عوام مہنگا سفر کرنے پر مجبور تھے، ان کیلئے الیکٹروبس لائی ہوں، پہلے کوئی سوچ سکتا تھا چھوٹے شہروں میں بھی الیکٹرک بسیں چلیں گی، پنجاب میں ترقی صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں، چھوٹے شہروں میں گرین بسیں دیکھ کر لوگوں کی خوشی قابل دید ہوتی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ اگلے سال اپریل مئی تک 1500 الیکٹرک بسیں پنجاب میں چل رہی ہوں گی، پنجاب میں دسمبر تک 1100الیکٹرک بسیں آجائیں گی، انتظامیہ کو 3ماہ کے اندر الیکٹرک بسوں کے اسٹاپ بنانے کی ہدایت کی، گجرات سمیت پنجاب بھر میں کئی حکومتیں رہیں لیکن سیوریج تک موجود نہیں، پورے پنجاب  میں بلا تفریق نئی سیوریج لائنیں بچھائیں گے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اربوں روپے کا پینے کے صاف پانی کا پروگرام لارہی ہوں، 14 لاکھ خاندانوں کو راشن کارڈ کے ذریعے ماہانہ 3ہزار روپے دینے جارہے ہیں، ہر ایم پی اے کے حلقے میں 25 کلو میٹر کی دیہی سڑکیں بنائی جائیں گی، 5 سال کے دوران 5سے 7لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بناکر دینے کا ہدف ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، یہ تمام افواہیں پارٹی کو تقسیم کرنے کی سازش ہیں، جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا کر پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم اس کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی بکھیرنے والی سازشوں کا مقصد داخلی انتشار پیدا کرنا ہے، ہم ہر قسم کے حالات میں متحد رہیں گے، علی امین گنڈاپور ہی ہمارے وزیراعلیٰ ہیں، ان کے خلاف پھیلائی جانے والی افواہیں قطعی طور پر بے بنیاد ہیں، پارٹی کو تقسیم کرنے والی ہر کوشش کا ڈٹ کر اور موثر جواب دیا جائے گا، ہم ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ سچائی اور تنظیمی یکجہتی کے دفاع کے لیے ہم ہر فورم پر اپنا موقف واضح کریں گے، انتشار پھیلانے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔