ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 19 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک، لیفٹینٹ کرنل جنید طارق سمیت 11 جوان شہید

08 اکتوبر, 2025 11:39

اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن کیا جس میں 19 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ 11 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 7 اور 8 اکتوبر 2025 کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں خفیہ اطلاع پر بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر فائرنگ سے 19 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج مارے گئے۔ تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق (عمر 39 سال، ضلع راولپنڈی) اور ان کے نائب میجر طیب راحت (عمر 33 سال، ضلع راولپنڈی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

دونوں افسران کے ساتھ نو بہادر جوانوں نے بھی مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
شہداء میں شامل ہیں:

نائب صوبیدار اعظم گل (عمر 38 سال، ضلع خیبر)

نائیک عدیل حسین (عمر 35 سال، ضلع کرم)

نائیک گل امیر (عمر 34 سال، ضلع ٹانک)

لانس نائیک شیر خان (عمر 31 سال، ضلع مردان)

لانس نائیک طالش فراز (عمر 32 سال، ضلع مانسہرہ)

لانس نائیک ارشاد حسین (عمر 32 سال، ضلع کرم)

سپاہی طفیل خان (عمر 28 سال، ضلع مالاکنڈ)

سپاہی عاقب علی (عمر 23 سال، ضلع صوابی)

سپاہی محمد زاہد (عمر 24 سال، ضلع ٹانک)

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد کو علاقے سے مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے شہداء کی قربانیاں ہمارے عزم و حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین، شہدا کی قربانیوں کو سلام

وزیر اعظم شہباز شریف نے اورکزئی میں بھارتی حمایت یافتہ 19 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، میجر طیب راحت اور دیگر بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے صبر و استقامت کے لیے دعا کی۔

ان کا کہنا تھا کہ نڈر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی آپریشن میں دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کو سراہا اور شہید افسران و جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہدا نے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے، ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور قوم ہمیشہ ان کی مقروض رہے گی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہدا کے خون کا ہر قطرہ دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔