جمعہ، 10-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

فلسطین کی آزادی کے لیے جدوجہد زندگی کے آخری لمحے تک جاری رہے گی، مشتاق احمد

08 اکتوبر, 2025 09:35

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے جدوجہد ان کی زندگی کے آخری لمحے تک جاری رہے گی۔

سوشل میڈیا پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ دوبارہ، مگر اس مرتبہ زیادہ طاقتور انداز میں، غزہ جائیں گے۔

مشتاق احمد نے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اردن میں پاکستانی سفیر اجمل اقبال کے ذریعے ان سے رابطہ کر کے خیریت دریافت کی، جس پر انہوں نے امیر جماعت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فلسطین کا مسئلہ پوری قوم کا مشترکہ مقدمہ ہے۔

انہوں نے گلوبل صمود فلوٹیلا کی حمایت کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، علما اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور اپیل کی کہ فلسطین کے معاملے کو سیاسی فرقوں سے بالاتر رکھ کر قومی یگانگت کا سبب بنایا جائے۔

استقبال کے موقع پر مشتاق احمد نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ صرف پاکستان اور فلسطین کے جھنڈے لائیں اور کسی سیاسی پارٹی کے جھنڈے نہ لائے جائیں۔ استقبال ایک غیر سیاسی سول سوسائٹی پلیٹ فارم، پاک فلسطین فورم کے ذریعہ کیا جائے گا، جس نے انہیں گلوبل صمود فلوٹیلا میں شرکت کے لیے بھیجا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کی آزادی اور محبت ان کے لیے زندگی کی رگ کی مانند ہے، اور وہ کوشش کریں گے کہ غزہ، اقصیٰ اور فلسطین کا مشترکہ احترام پورے ملک میں اتحاد کی بنیاد بنے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دو ریاستی حل اور ابراہیم اعلامیے (ابراہیم ایکارڈز) جیسے منصوبوں سے فاصلے اختیار کیے جائیں، اور ٹرمپ پلان کی مزاحمت کی جائے جسے انہوں نے غزہ کی "ظالمانہ خریداری” قرار دیا۔ نیز شمع جونیجو کے معاملے کی شفاف تحقیق کا مطالبہ بھی دہرایا۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے حال ہی میں گلوبل صمود فلوٹیلا کے مزید 131 ارکان کو ڈی پورٹ کیا ہے جن میں مشتاق احمد بھی شامل تھے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔