ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

گنڈا پور کے استعفے سے خیبرپختونخوا کی سیاست میں ہلچل؛ اپوزیشن متحرک، نیا وزیراعلیٰ لانے کیلئے مشاورت تیز

09 اکتوبر, 2025 11:47

خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے اچانک استعفے کے بعد صوبے کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔

اپوزیشن جماعتوں نے نیا وزیراعلیٰ لانے کے لیے فوری رابطے شروع کر دیے ہیں۔ مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام نے اپنے مشترکہ امیدوار پر اتفاق کرنے کے لیے مشاورت تیز کر دی ہے۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ آج جے یو آئی کے اہم رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔ گزشتہ روز وہ گورنر خیبرپختونخوا اور مولانا عطا الرحمان سے بھی موجودہ صورتحال پر بات چیت کر چکے ہیں۔

اپوزیشن نے دوپہر بارہ بجے صوبائی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنما شریک ہوں گے۔

اجلاس میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور وزارت اعلیٰ کے لیے متفقہ امیدوار کے نام پر غور کیا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ نے کہا کہ یہ صرف اقتدار کی بات نہیں بلکہ صوبے کے عوام اور استحکام کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں نمبر گیم اہم ہوتا ہے اور اسمبلی میں 91 آزاد ارکان موجود ہیں جو کسی بھی وقت حالات بدل سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اسی فیصلے کے بعد علی امین گنڈاپور نے استعفے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اپنے استعفے میں کہا کہ وزارت ایک امانت تھی، جو میں نے اپنے لیڈر کے کہنے پر واپس کر دی ہے۔ انہوں نے نئے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر مکمل اعتماد کا اظہار بھی کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔