بانی پی ٹی آئی ہر فورم پر دہشت گردوں کے حامی رہے، عطا تارڑ

بانی پی ٹی آئی ہر فورم پر دہشت گردوں کے حامی رہے، عطا تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ہر فورم پر دہشت گردوں کے حامی رہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ہر روز قوم کے بیٹے وطن کے دفاع میں شہید ہو رہے ہیں، پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں اور ہم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ خیبرپختونخوا میں قیام امن میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی ہر فورم پر دہشت گردوں کی حامی رہی اور ایک سیاسی جماعت کو ملکی سالمیت سے کوئی غرض نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کو مات دی اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں کو مکمل شکست دیں گے۔
عطا تارڑ نے سانحہ اے پی ایس اور خضدار بس حملے میں معصوم بچوں کی شہادت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کا ہر طبقہ قربانیوں کی داستان میں روشن باب کی حیثیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انتشار کو ملک کی سالمیت اور شہدا کی قربانیوں سے کوئی غرض نہیں، اور یہ جماعت صرف اپنی حکومت کے مفاد میں سرگرم ہے، بانی پی ٹی آئی ہر فورم پر دہشت گردوں کے حامی رہے اور نئے نامزد وزیر اعلیٰ منشیات کے مقدمات میں ملوث ہیں، بھارت کی للکار پر بانی پی ٹی آئی چھپ کر بیٹھ گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست پاکستان کسی کو دہشت گردوں کا ساتھ دینے کی اجازت نہیں دے گی اور فیصلہ کر لیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کو آخری تک شکست دی جائے گی، پاک فوج آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی اور پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ دہشت گردوں کا ساتھ دینے میں ہی عافیت ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.