فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاک فوج کا بھرپورجواب، متعدد افغان پوسٹیں تباہ، پسپائی پر مجبور، وزیر اعظم
Pakistan Army's strong response led by Field Marshal, several Afghan posts destroyed, forced to retreat, says Prime Minister
وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان سے پاکستانی کی سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے افواج پاکستان کو بھرپور جوابی کارروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر ہمیں فخر ہے، فیلڈ مارشل کی بے باک قیادت میں پاک فوج نے افغانستان کو بھرپور جواب دیا، پاک فوج نے افغانستان کی متعدد پوسٹس کو تباہ کر کے ان کو پسپائی پر مجبور کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا، ہر اشتعال انگیزی کا بھرپور اور موثر جواب دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ہمارا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہم ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں، پاک فوج نے ہمیشہ ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگرد تنظیموں کو افغانستان میں موجود عناصر کی حمایت حاصل ہے، پاکستان نے کئی بار افغانستان کو وہاں موجود فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کی معلومات دی، افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والوں کی معلومات دی گئیں، توقع ہے افغان حکومت یقینی بنائے گی کہ اس کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔
صدر آصف علی زرداری نے افغانستان کی جانب سے جارحیت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے قومی مفادات، علاقائی خودمختاری اورسلامتی کے تحفظ کیلئے پر عزم ہے۔
صدرمملکت کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر پر کسی بھی متنازع یا گمراہ کن موقف کو پاکستان کبھی تسلیم نہیں کرے گا، افغان قیادت نے کشمیری عوام سے لاتعلقی اختیار کر کے تاریخ و امت سے ناانصافی کی۔
انھوں نے کہا کہ عبوری افغان حکومت کی سرزمین سے خوارج کے حملے، یو این رپورٹس سے ثابت حقیقت ہیں۔ خوارج و بھارت کے گٹھ جوڑ سے شہری و سیکیورٹی اہلکار نشانہ بن رہے ہیں۔
صدر مملکت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ افغان قیادت پاکستان مخالف دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے، فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان خطے کے امن اور استحکام کیلئے سب سے بڑاخطرہ ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










