منگل، 14-اکتوبر،2025
منگل 1447/04/22هـ (14-10-2025م)

پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف معاہدے پر کامیاب مذاکرات

14 اکتوبر, 2025 11:00

واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں عالمی مالیاتی اداروں اور امریکی حکام سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ اور امریکی حکام کے درمیان ٹیرف معاہدے پر کامیاب مذاکرات ہوئے، جس پر محمد اورنگزیب نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی تجارتی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

محمد اورنگزیب اس وقت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے واشنگٹن میں موجود ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں پر بریفنگ دی اور امریکی کمپنیوں کو تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

انہوں نے امریکا پاکستان بزنس کونسل کے رہنماؤں اور اراکین سے ملاقات میں معیشت کے استحکام اور نجی شعبے کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر خزانہ نے سٹی بینک کے نمائندوں سے ملاقات میں بینک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل اختراع اور مالیاتی خدمات کا ابھرتا مرکز بن رہا ہے۔

اسی دوران محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف سی کے ریجنل نائب صدر سے ملاقات میں ریکوڈک منصوبے کے مالیاتی معاملات جلد طے کرنے پر اتفاق کیا اور اسلام آباد میں آئی ایم ایف سی کے علاقائی دفتر کے قیام کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی، جس میں ایم 6 موٹروے کے دو حصوں کے لیے فنانسنگ کی منظوری پر شکریہ ادا کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے پولیو کے خاتمے اور تیل فنانسنگ سہولت میں تعاون جاری رکھنے اور پاکستان و اسلامی بینک کے درمیان نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک کی تیاری پر بھی اتفاق کیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان عالمی شراکت داروں کے تعاون سے معاشی استحکام، پائیدار ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔