مسئلہ کشمیر پر فوری بین الاقوامی ایکشن کی ضرورت ہے، علی رضا سید

Chair of KCEU Ali Raza Syed for an urgent International action on Kashmir issue
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے جموں و کشمیر کے تنازعے پر بین الاقوامی برادری کے فوری اور سنجیدہ ایکشن کا مطالبہ کیا ہے۔
’’بلیک ڈے: کشمیر کی انصاف اور آزادی کے لیے پکار” کے عنوان سے سیمینار میں بین الاقوامی شخصیات اور انسانی حقوق کے کارکنوں اور سفارتکاروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ انٹرنیشنل انٹرچینج ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی آئی ڈی اے) نے پروگرام کا اہتمام کیا۔ تقریب سے تنظیم کے صدر ڈاکٹر ’’یونگجومن‘‘ اور جنوبی کوریا میں پاکستان کے سفیر سید معظم حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔
سفیر پاکستان سید معظم شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں کے لیے پاکستان کی ہمیشہ مکمل حمایت رہی ہے اور یہ حمایت آئندہ بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو عدل و انصاف دینے سے انکار کرکے اور انکے حقوق سلب کرکے بھارت علاقے میں امن و امان کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ انصاف سے انکار امن و آشتی سے انکار ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور تمام بین الاقوامی قوانین اور قواعد کے مطابق ان کی یہ جدوجہد قانونی اور جائز ہے۔ سفیر پاکستان سید معظم شاہ نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
انٹرنیشنل انٹرچینج ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی آئی ڈی اے) کے صدر ڈاکٹر ’’یونگجومن‘‘ نے کہا کہ وہ کشمیریوں کے حقوق کی حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلے میں جنوبی کوریا میں آگاہی پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تنظیم کے مختلف ممالک میں نمائندے ہیں اور وہ دوسرے ملکوں میں بھی کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کریں گے۔ مسئلہ کشمیر پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملنا چاہیے۔
اپنے خطاب میں، کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کشمیری عوام کی تاریخی اور موجودہ جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کو بھارت کے یکطرفہ طور پر جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مقبوضہ کشمیرکا خطہ دنیا کا سب سے زیادہ فوجی کنٹرول والا
علاقہ تصور کیا جاتا ہے جہاں اظہار رائے کی آزادی کو دبایا جاتا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔
علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلیوں کی طرف بھی توجہ دلائی، جس کے ذریعے بھارت مقبوضہ علاقے میں غیرکشمیریوں کو آباد کرکے کشمیریوں کی آبادی کو کم کرنے کے منصوبے پر مسلسل عمل کررہا ہے۔
نیز ہر روز ظلم و ستم جاری ہے اور کشمیریوں کے سیاسی اور معاشی استحصال میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ان اقدامات کو جنیوا کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو ان غیرقانونی اور غیراخلاقی اقدامات سے روکے۔
سیمینار کےدوران بھارتی جیلوں میں قید کشمیری رہنماؤں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں بشمول یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، خرم پرویز اور سجاد گل کے بارے میں بھی بات ہوئی اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔
علی رضا سید نے زور دیا کہ دہائیوں کی جبر کے باوجود، کشمیری عوام کا جذبہ ٹوٹا نہیں ہے، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خودارادیت کی ان کی پرامن جدوجہد جاری ہے۔
بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہوئے، علی رضا سید نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ محض جنوبی ایشیا کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ بین الاقوامی امن سے جڑا ہوا ہے اور عالمی انسانیت کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے جنوبی کوریا سمیت تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ اپنے اخلاقی اور سفارتی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے، مسئلہ کشمیر پر بات چیت کی حوصلہ افزائی کریں، انسانی حقوق کے تحفظ اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے نفاذ کے ذریعے کشمیر کے مسئلے کا پرامن اور منصفانہ حل نکالنے میں مدد فراہم کریں۔
تقریب کا اختتام جموں و کشمیر کے عوام کے لیے انصاف، امن اور خودارادیت کے حق میں مشترکہ مطالبے پر ہوا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.