سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کرگئے

سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کرگئے
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کرگئے ہیں۔
آغا سراج درانی کئی روز سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، انہیں تقریباً ایک ماہ قبل برین ہیمرج ہوا تھا۔
چند روز قبل ان کی طبیعت دوبارہ بگڑ گئی، جس کے باعث وہ زیرِ علاج رہے، تاہم آج ڈاکٹرز نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی۔
آغا سراج درانی 31 مئی 2013 سے 25 مئی 2024 تک سندھ اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے پر فائز رہے، جبکہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک انہوں نے قائم مقام گورنر سندھ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
وہ چار دہائیوں سے زائد عرصے تک پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، آغا سراج درانی نے 1988 میں پہلی بار رکن سندھ اسمبلی کے طور پر سیاسی سفر کا آغاز کیا، تین مرتبہ صوبائی وزیر اور دو مرتبہ اسپیکر سندھ اسمبلی رہے۔
صدر مملکت کا اظہارِ افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے آغا سراج درانی کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے جمہوری اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
صدر آصف زرداری نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آغا سراج درانی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
وزیراعظم کا اظہارِ افسوس
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور مغفرت کے لیے دعا کرتے ہوئے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آغا سراج درانی نے بطور اسپیکر سندھ اسمبلی اہم خدمات سر انجام دیں، ان کی سیاسی بصیرت اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا اظہارِ افسوس
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے جنہوں نے سندھ اسمبلی کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم آغا سراج درانی کی عوامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔
مراد علی شاہ نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ ربِ کائنات آغا سراج درانی کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔
چیئرمین سینیٹ کا اظہارِ افسوس
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ آغا سراج درانی کی وفات سیاست اور عوامی خدمت کے میدان میں ایک بڑا نقصان ہے، مرحوم باوقار پارلیمنٹیرین اور جمہوری اقدار کے علمبردار تھے جنہوں نے سندھ کی سیاست میں نمایاں کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آغا سراج درانی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی اور پیپلز پارٹی کے منشور کو عملی جامہ پہنانے میں فعال کردار ادا کرنے والی شخصیت تھے۔
یوسف رضا گیلانی نے مرحوم کے اہل خانہ اور پارٹی کارکنوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.