بدھ، 15-اکتوبر،2025
بدھ 1447/04/23هـ (15-10-2025م)

پاک فوج کی اسپن بولدک چمن سیکٹر میں بھرپور جوابی کارروائی، افغان طالبان کی جنگ بندی کی درخواست

15 اکتوبر, 2025 13:00

چمن: پاک فوج نے اسپن بولدک سیکٹر میں افغان طالبان کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افواج کی مؤثر جوابی کارروائی کے بعد افغان طالبان نے فائر بندی کی درخواست کر دی۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ متعدد افغان طالبان پوسٹیں اور ٹینکس بمعہ عملہ تباہ کیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شکست خوردہ افغان طالبان نے سوشل میڈیا پر پاک فوج کے جنگی ہتھیار قبضے میں لینے کی من گھڑت ویڈیوز جاری کی ہیں، تاہم ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، اور اگر دوبارہ کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا جواب شدید اور توقع سے بڑھ کر ہوگا۔

کرم میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ

خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے متعدد ٹھکانے، ٹینک اور پوسٹیں تباہ کر دیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج نے اچانک فائرنگ کا آغاز کیا جس پر پاک فوج نے مؤثر اور شدید جوابی کارروائی کی جو رات گئے تک جاری رہی۔

ذرائع  نے بتایا کہ پاک فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں طالبان پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچا، متعدد جگہوں پر آگ بھڑک اٹھی جبکہ دشمن اپنی پوسٹیں چھوڑ کر پسپائی اختیار کر گیا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران طالبان کا ایک ٹینک اور ایک گھنٹے کے اندر پانچ ٹینک پوزیشنز تباہ کر دی گئیں، جوابی کارروائی میں ایک اہم کمانڈر بھی مارا گیا۔

ذرائع کے مطابق کرم سیکٹر میں پاک فوج نے ایک اور کارروائی کے دوران طالبان کے متحرک ٹینک کو ہدف بنا کر تباہ کیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ شمشاد پوسٹ پر چوتھی ٹینک پوزیشن کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا گیا، جبکہ طالبان اور فتنہ الخوارج کے جنگجو شدید خوف و ہراس میں اپنی چوکیوں سے بھاگ گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خوست کے علاقے نارگسر پوسٹ پر موجود ٹینک اور اس کے عملے کو بھی پاک فوج نے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس میں متعدد جنگجو ہلاک ہوئے۔

ترکمان زئی ٹاپ پر پاک فوج کی ایک اور کامیاب کارروائی میں چھٹا ٹینک بمع عملہ تباہ کیا گیا، جس کے مناظر اینڈ وی ڈی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قابض طالبان کے جتھے اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے جبکہ پاک فوج نے پولسین پوسٹ کے سامنے خارجی ملک نعیم کے ٹریننگ کیمپ کو بھی نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کا ٹریننگ کیمپ مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چمن میں تعلیمی اداروں میں آج تعطیل کر دی گئی جبکہ پولیو مہم بھی منسوخ کر دی گئی ہے، افغان فورسز نے چمن میں سول آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے ویش منڈی اور اسپن بولدک میں افغان طالبان کے ٹھکانوں پر جوابی کارروائی کی جس میں 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔

چمن کے علاقے سپن بولدک میں پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی جانب سے علی الصبح تین مقامات پر حملہ کیا گیا تاہم پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی نے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد دیہات اور معصوم شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، موصولہ اطلاعات کے مطابق 15 سے 20 افغان طالبان ہلاک کر دیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پاک افغان دوستی گیٹ کو اپنی جانب سے اڑا دیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان طالبان تجارت اور مقامی آمد و رفت کے حامی نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج نے گزشتہ رات کرم سیکٹر پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے حملے کی کوشش کو بھی ناکام بنایا تھا۔ جوابی کارروائی میں افغان طالبان کی 8 پوسٹیں اور 6 ٹینک بمعہ عملہ تباہ کیے گئے۔

پاک فوج نے کرم سیکٹر میں متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کے ساتھ امریکی ساختہ اسلحہ بھی قبضے میں لیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب کے بعد کرم سیکٹر میں اس وقت خاموشی ہے جبکہ اسپن بولدک میں مزید افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے اکٹھے ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔