افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معطل ہونے سے کراچی پورٹ پر کنٹینرز کا انبار لگ گیا

سرحدی بندش سے افغانستان کو شدید معاشی نقصان کے باوجود افغان طالبان کی ہٹ دھرمی برقرار
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کراچی پورٹس سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ترسیل غیر معینہ مدت کے لیے معطل کردی جس کے بعد کراچی پورٹ پر کنٹینرز کا انبار لگ گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ ہیڈکوارٹر کراچی میں ڈی جی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں کوئٹہ اور پشاور کے ڈائریکٹرز نے آن لائن شرکت کی، اجلاس کے بعد جاری ہونے والے کسٹمز جنرل آرڈر 98/2025 کے تحت فیصلہ کیا گیا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی ٹرانسپورٹیشن فوری طور پر روک دی جائے۔
حکام کے مطابق کوئٹہ اور پشاور کے کسٹم اسٹیشنز پر کنٹینرز رکھنے کی گنجائش مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے، جس کے باعث ٹرانزٹ سسٹم پر دباؤ بڑھ گیا ہے، اس صورتحال میں تمام ٹرمینلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جو کنٹینرز گاڑیوں پر لوڈ ہو چکے ہیں، انہیں آف لوڈ کر دیا جائے، جبکہ تمام گیٹ پاسز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
حکم نامے کے بعد کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور ایس اے پی ٹی پر افغان ٹریڈ کنٹینرز کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، متعدد ٹرک اور کنٹینرز راستوں میں رکے ہوئے ہیں، جبکہ ڈرائیور بارڈر کھلنے اور کلیئرنس بحال ہونے کے منتظر ہیں۔
تجارتی حلقوں کے مطابق ٹرانزٹ ٹریڈ کی بندش سے اربوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے اور پاکستان و افغانستان کے درمیان تجارتی روابط پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، افغان تاجروں نے حکومتِ پاکستان سے فوری طور پر تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











