حکومت کا خیبرپختونخوا میں افغان مہاجرین کے تمام کیمپس ختم کرنے کا فیصلہ
حکومت نے خیبرپختونخوا میں افغان مہاجرین کے تمام کیمپس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تازہ اقدام کے تحت صوبے میں مزید 28 افغان مہاجر کیمپ ڈی نوٹیفائی کیے گئے، جس کے بعد بند کیے گئے کیمپس کی مجموعی تعداد 42 تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت سیفران نے اس سلسلے میں باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں موجود تمام افغان مہاجر کیمپس کے خاتمے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پشاور میں 8، نوشہرہ میں 3، ہنگو میں 5 اور کوہاٹ میں 4 کیمپس بند کیے گئے ہیں۔ اسی طرح مردان اور صوابی میں 2، 2 جب کہ بونیر میں ایک اور دیر میں تین افغان مہاجر کیمپ ختم کر دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان کیمپوں کی زمین حکومت خیبرپختونخوا کے سپرد کی جائے گی، جبکہ غیر منقولہ اثاثے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے حوالے کیے جائیں گے۔
وزارت سیفران کے مطابق یہ فیصلہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے متعلق حکومتی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔ پشاور میں قبائیان، بادبیر، خزانہ، نغمان اور خراسان کیمپ بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ نوشہرہ میں میرا کچوری، زنڈئی، باغبانان، شمشتو، حاجی زئی اور اکوڑہ خٹک کے کیمپس ختم کیے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد افغان مہاجرین کی بڑے پیمانے پر بے دخلی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہوگیا ہے، ادھر گزشتہ روز پنجاب حکومت نے بھی صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو فوری بے دخل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









