پیر، 1-دسمبر،2025
پیر 1447/06/10هـ (01-12-2025م)

ملک کے علما، تاجر برادری اور سول سوسائٹی نے ٹی ایل پی کی ہڑتال کی کال یکسر مسترد کر دی

17 اکتوبر, 2025 11:40

اسلام آباد: ملک کے نامور علماء، مذہبی رہنما، تاجر تنظیمیں اور سول سوسائٹی کے سربراہوں نے تحریکِ لبیک کی جانب سے جاری ہڑتال اور انتشار کی کال کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تعطل کو قومی مفاد کے منافی قرار دیدیا۔

سرکردہ مذہبی رہنماؤں اور مشائخ نے اس موقع پر زور دیا کہ اختلافِ رائے آئینی اور قانونی دائرے میں ہی اظہار کیا جائے اور سڑکیں بلاک کرنے، جلاؤ گھیراؤ یا ہڑتالوں کے ذریعے ملک و قوم کو نقصان پہنچانا قابلِ قبول نہیں، موجودہ نازک صورتحال میں انتشار کی بجائے اتحاد، استحکام اور ترقی پر توجہ دینا ضروری ہے۔

تاجر برادری نے بھی ہڑتال کی کال کو ملک دشمنانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ روزمرہ تجارت و صنعت پہلے ہی مسائل کا شکار ہیں اور مزید بندشیں عوام، مسافروں اور مریضوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنتی ہیں، ایسے احتجاجات سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔

کئی مذہبی خاندانوں اور علماء نے واضح کیا کہ ریاست اور اس کے اداروں کے ساتھ کھڑے رہنا لازمی ہے اور کسی بھی گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ افواہوں اور نفرت انگیز مہمات سے دور رہیں اور امن و استحکام کی حمایت کریں۔

قومی سیاسی و سماجی شخصیات نے اس اقدام کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج اور ہڑتال کی کال ملک کے مفاد کے خلاف ہے اور ایسے اقدامات سے عوامی زندگی متاثر ہوتی ہے، بعض رہنماؤں نے کہا کہ تحریکِ لبیک کی جانب سے غیر ضروری ہڑتالوں اور تعطل کو ہر صورت مسترد کیا جانا چاہیے۔

سیکڑوں مذہبی، سیاسی اور سماجی قائدین نے مشترکہ موقف اپناتے ہوئے کہا کہ احتجاج کا وقت مناسب نہیں اور مطالبات غیر ضروری ہیں، انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کے اظہار کے لیے آئینی راستے موجود ہیں اور کسی بھی فرقہ وارانہ یا سیاسی کشیدگی کو ہوا دینے سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔

مزید کہا گیا کہ نیشنل مفاد، امن اور استحکام کو مقدم رکھتے ہوئے تمام جماعتوں کو ریاست کے ساتھ کھڑا رہنا چاہیے۔

رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ اندرونی اور بیرونی سازشوں کا مقابلہ متحد قوم ہی کرسکتی ہے اور اس لیے ہر شہری کو انتشار پھیلانے والوں کا ساتھ نہ دینا چاہیے۔

اعلامیے میں آخری طور پر اپیل کی گئی کہ تحریکِ لبیک فوری طور پر ہڑتال و احتجاج ختم کرے تاکہ عوامی زندگی معمول پر لائی جا سکے اور ملک کی ترقی و استحکام کو مزید نقصان نہ پہنچے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔