کراچی: لیاقت آباد میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق

کراچی: لیاقت آباد میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق
کراچی کی سڑکوں پر ہیوی ٹریفک کا خطرناک کھیل جاری ہے، مختلف مقامات پر پیش آنے والے حادثات میں دو افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ لیاقت آباد نمبر 10 کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا، حادثے میں 55 سالہ صابر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے، ٹرک پر پتھراؤ کیا، شیشے توڑ دیے اور گاڑی کو آگ لگا دی، مشتعل ہجوم نے قریب سے گزرنے والی دیگر ہیوی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
دوسرا افسوسناک واقعہ ملیر ماڈل کالونی کے قریب پیش آیا، جہاں ایک اور ٹرک نے موٹر سائیکل سواروں کو ٹکر ماردی، حادثے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق ہیوی ٹریفک کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے، جبکہ حادثات پر قابو پانے کے لیے اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.