منگل، 21-اکتوبر،2025
منگل 1447/04/29هـ (21-10-2025م)

ٹی ایل پی کے احتجاج میں لاشوں کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، عظمیٰ بخاری

21 اکتوبر, 2025 13:30

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کے احتجاج میں لاشوں کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے قلیل عرصے میں اپنے تمام وعدے پورے کر دکھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے 15 اضلاع میں سیلاب متاثرین کو فلڈ چیکس کی ادائیگیاں شروع ہو چکی ہیں، جبکہ پنجاب میں 30 موبائل پولیس اسٹیشن "آن وہیل” کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں حالیہ احتجاجی واقعات پر بھی سخت ردعمل دیا، ان کا کہنا تھا کہ پرتشدد احتجاج کے دوران 18 پولیس اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جبکہ 3 شہری جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے۔ لاہور میں مسلح مظاہرین نے پولیس کی گاڑیاں اسلحے کے زور پر چھینیں، اور ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ فائرنگ کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ڈنڈا بردار مظاہرین نے ریسکیو اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فساد کو اسلام و فلسطین کا مقدمہ بنا کر پیش کرنا افسوسناک ہے، سعد رضوی مظاہرین کو پولیس پر تشدد پر اکساتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے تمام اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں جبکہ تنظیم کی 330 مساجد حکومت کی تحویل میں لی جا چکی ہیں۔ ان کے مطابق غیر قانونی سمز کے ذریعے لوگوں کو دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعد رضوی کے گھر سے ایک کلو 920 گرام سونا، 898 گرام چاندی، 69 برانڈڈ گھڑیاں، سونے کے کنگن، 12 بریسلیٹس، سونے کے ہار، چاندی کے تاج اور انگوٹھیاں برآمد کی گئی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سعد رضوی کے دونوں بھائیوں کے بارے میں پھیلائی گئی افواہیں بے بنیاد ہیں — وہ زخمی ہیں اور جلد پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے انکشاف کیا کہ ٹی ایل پی کے 3800 فنانسرز کی فہرست حکومت کے پاس موجود ہے، اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو تشدد اور فساد کا حصہ بننے سے روکیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔