پاک افغان سیز فائر کی مدت طے نہیں، معاہدہ صرف خلاف ورزی پر ختم ہوگا: خواجہ آصف

ٹی ٹی پی کو ان کی سرزمین پر کوئی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی، وزیر دفاع
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاک افغان سیز فائر کی مدت طے نہیں، معاہدہ صرف خلاف ورزی پر ختم ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاک افغان سیز فائر معاہدے سے متعلق واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیز فائر کی کوئی مدت مقرر نہیں کی گئی اور معاہدہ اس وقت تک برقرار رہے گا جب تک اس کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ افغان دراندازی کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور کارروائی کے بعد طالبان کی درخواست پر سیز فائر عمل میں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے واضح طور پر مؤقف اختیار کیا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے کسی قسم کی دراندازی نہیں ہونی چاہیے اور ٹی ٹی پی کو اپنی زمین پر کوئی سہولت فراہم نہ کی جائے۔
خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہم نے بارہا یہ مؤقف دہرایا، اگرچہ افغانستان اس سے انکار کرتا رہا۔
وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور قطر نے بھی اس بات پر زور دیا کہ اصل تنازع یہ ہے کہ افغان سرزمین یا افغان سرپرستی ٹی ٹی پی کو پاکستان میں کارروائی کے لیے دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان حکام کو واضح کر دیا ہے کہ سارا معاملہ صرف اسی ایک نکتے پر منحصر ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.