بدھ، 22-اکتوبر،2025
بدھ 1447/04/30هـ (22-10-2025م)

حکومت نے ایگریکلچرل انکم ٹیکس جون 2025 تک مؤخر کر دیا، صوبائی وزیر

21 اکتوبر, 2025 18:21

کراچی: صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے ایگریکلچرل انکم ٹیکس جون 2025 تک مؤخر کر دیا۔

صوبائی وزیر شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وفاقی حکومت کا گندم خریداری کا نیا میکنزم پیپلز پارٹی کے مؤثر مطالبات کا نتیجہ ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے آواز اٹھاتی رہی ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ گندم کی امدادی قیمت کا اعلان پیپلز پارٹی کی اہم کامیابی ہے، وفاق نے امدادی قیمت دے کر کسانوں اور پیپلز پارٹی کا اعتماد بحال کیا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری کا نیا میکنزم دراصل پاکستان پیپلز پارٹی کے مؤثر مطالبات اور اصولی موقف کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور زراعت کی ترقی کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہے، اور وفاق کی حالیہ پالیسی اسی وژن کی عکاسی کرتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت کا تعین ایک اہم کامیابی ہے، جو گزشتہ سال نہیں دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پیپلز پارٹی کے مطالبے پر اس سال امدادی قیمت کا اعلان کر کے کسانوں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اعتماد کو بحال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف کسانوں اور کاشتکاروں کو براہِ راست فائدہ ہوگا بلکہ گندم کی پیداوار میں اضافہ، زرِ مبادلہ کی بچت اور ملکی خود کفالت کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کی کسان دوست پالیسیوں کا تسلسل ہے، جس کا مقصد زراعت کو ملکی معیشت کی مضبوط بنیاد بنانا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ نے بھی کاشتکاروں کو ریلیف دینے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔ ایگریکلچرل انکم ٹیکس، جس کا نفاذ دسمبر 2024 سے ہونا تھا، اسے جون 2025 تک مؤخر کر دیا گیا ہے تاکہ کاشتکاروں کو سہولت ملے اور زراعت کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اسی لیے پارٹی کی قیادت ہمیشہ کسانوں اور عام شہریوں کے مفاد کو اولین ترجیح دیتی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔