پچھلی حکومت نے دہشتگردوں کو واپس لاکر خیبرپختونخوا میں آباد کیا، وفاقی وزیر اطلاعات

پچھلی حکومت نے دہشتگردوں کو واپس لاکر خیبرپختونخوا میں آباد کیا، وفاقی وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت نے دہشتگردوں کو واپس لاکر خیبرپختونخوا میں آباد کیا۔
اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز روزانہ کی بنیاد پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہیں تاکہ ملک میں امن قائم رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے کنونشنل وار فیئر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، جبکہ آپریشن "بنیان مرصوص” کے ذریعے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو کامیابی سے ختم کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کو بھارت اور افغانستان سے مدد حاصل ہے، تاہم پاکستان کی فورسز ان عناصر کے مقابلے کے لیے پوری طرح تیار ہیں، ماضی میں مختلف آپریشنز کے نتیجے میں کراچی اور قبائلی علاقوں میں امن قائم کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت نے دہشت گردوں کو واپس لاکر خیبرپختونخوا میں آباد کیا، جس کے نتائج آج بھی دیکھے جا رہے ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے خود سے چار گنا بڑے دشمن کو شکست دی، اور آج ملک عالمی سطح پر ایک مؤثر کردار ادا کر رہا ہے، ایک وقت ایسا تھا جب پاکستان عالمی تنہائی کا شکار تھا، لیکن موجودہ قیادت نے خارجہ محاذ پر مؤثر پالیسیوں کے ذریعے اس تاثر کو ختم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور حکومت و افواج پاکستان ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے ایک پیج پر ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.