پاک بحریہ کی شمالی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، 972 ملین ڈالر مالیت کی منشیات ضبط، آئی ایس پی آر
بحیرہ عرب آپریشن: پاکستان نیوی نے منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، امریکی سینٹ کام کا خراجِ تحسین
پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں انسدادِ منشیات کی ایک بڑی کارروائی کامیابی سے مکمل کرلی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی این ایس یارموک نے آپریشن کے دوران تقریباً 972 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات قبضے میں لے لیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی سعودی قیادت میں قائم مشترکہ ٹاسک فورس 150 کے تحت انجام دی گئی، جو خطے میں سمندری سلامتی اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے سرگرم ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی پاک بحریہ کی میری ٹائم سیکیورٹی، انسدادِ اسمگلنگ اور عالمی امن کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس یارموک کے عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ قومی سمندری مفادات کے تحفظ اور عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن پاک سعودی بحری تعاون اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان انٹرآپریبلٹی کو مزید مضبوط بنائے گا۔
دوسری جانب امریکی سینٹ کام نے کہا کہ یہ کامیاب کارروائی سمندری حدود میں پاکستان نیوی کی بھرپور استعداد اور عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اس کے مؤثر کردار کی عکاس ہے۔
سعودی رائل نیوی کے کمانڈر فہد الجوید نے بھی اس آپریشن کو عالمی تعاون اور مشترکہ عزم کی بہترین مثال قرار دیا۔
صدر مملکت اور وزیر اعظم کی پاک بحریہ کو شاندار کارروائی پر مبارکباد
اسلام آباد: صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم نے شمالی بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کے جہاز یرموک کی کامیاب انسدادِ منشیات کارروائی پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نیوی کا یہ کارنامہ قومی فخر اور پیشہ ورانہ مہارت کی روشن مثال ہے، جہاز یرموک کی یہ کامیابی خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور سمندری سلامتی کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کی مظہر ہے۔
انہوں نے سعودی قیادت میں مشترکہ کارروائی کو پاک سعودی باہمی تعاون کی شاندار مثال قرار دیتے ہوئے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور یرموک کے عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے پر پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کے جوان اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے افسران اور جوان سمندری حدود کی حفاظت کے لیے شب و روز مصروفِ عمل ہیں، اور مجھے سمیت پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








