لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل نہ رُک سکا، ڈور پھرنے سے ایک اور نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا
لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل نہ رُک سکا، ڈور پھرنے سے ایک اور نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا
لاہور کے تھانہ نواں کوٹ کے علاقے میں پتنگ بازی کے دوران تیز ڈور پھرنے سے موٹرسائیکل سوار نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔
پولیس نے بتایا کہ 21 سالہ نعمان یوسف مزنگ کا رہائشی تھا، وہ معمول کے مطابق گھر واپس جا رہا تھا کہ اچانک ڈور اس کے گلے پر پھر گئی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔
موقع پر موجود افراد نے نوجوان کو فوری اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈور نے نعمان کی گردن بری طرح کاٹ دی تھی، جس کے باعث وہ موقع پر ہی بے ہوش ہوگیا۔
مرحوم گھر کا بڑا بیٹا اور واحد کفیل تھا، اس کے ایک چھوٹے بھائی اور دو بہنیں ہیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں پتنگ بازی کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا اظہارِ افسوس
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
21 سالہ نوجوان کی المناک موت پر وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔
انہوں نے غیر قانونی پتنگ بازی کے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو واقعے کے ذمے داران کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








