وفاقی کابینہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی
وفاقی کابینہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی منظوری دے دی
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی لگانے کی منظوری دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پنجاب حکومت کی درخواست پر اس فیصلے کا اعلان کیا گیا، کابینہ نے آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت ٹی ایل پی پر پابندی کی منظوری دیتے ہوئے وزارت داخلہ کو مزید کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کو ٹی ایل پی کی ملک بھر میں دہشت گردی اور پرتشدد کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ تحریک لبیک پاکستان 2016 سے ملک میں شر انگیزی پھیلانے کی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے، 2021 میں بھی حکومت نے ٹی ایل پی پر پابندی عائد کی تھی، لیکن چھ ماہ بعد کچھ شرائط پر پابندی ہٹائی گئی تھی۔ تاہم، ٹی ایل پی نے ان شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملک میں بدامنی اور پر تشدد کارروائیاں جاری رکھی، جس کے باعث اب دوبارہ پابندی عائد کی گئی ہے۔
کابینہ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ٹی ایل پی کے احتجاجی جلسوں اور ریلیوں میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت بے گناہ افراد کی جانیں ضائع ہوئیں، تنظیم کے اقدامات نے قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کیے۔
یاد رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کو پہلی بار پی ٹی آئی کے دور میں 15 اپریل 2021 کو کالعدم قرار دیا گیا تھا، مگر چھ ماہ بعد، 7 نومبر 2021 کو حکومت نے اس پابندی کو واپس لے لیا تھا، یہ اقدام اس وقت کی ضمانتوں کی بنیاد پر کیا گیا تھا کہ ٹی ایل پی آئندہ ملک میں بدامنی اور تشدد کی کارروائیوں سے گریز کرے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









