جمعہ، 24-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/05/02هـ (24-10-2025م)

وزیراعظم سے قطر کے وزیر تجارت کی ملاقات، دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

24 اکتوبر, 2025 09:45

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیر تجارت و صنعت شیخ محمد بن حمد بن قاسم الثانی نے ملاقات کی، قطری وزیر پاکستان – قطر مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے چھٹے اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے تھے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قطر پاکستان کا قابلِ اعتماد شراکت دار اور خطے میں ایک اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے توانائی، زراعت، آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور قطری سرمایہ کاروں کو اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کے فریم ورک کے تحت سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

قطر کے وزیر تجارت و صنعت نے اس موقع پر پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

وزیراعظم نے علاقائی اور عالمی امور پر قطر کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں نے کاروباری تعلقات اور سرمایہ کاری منصوبوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔